اسلام آباد(صباح نیوز) سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ(ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ کرونا وائرس سے بچائو کے لیے حکومتی اقدامات ناکافی ہیں وزرا کچھ اور ترجمان کچھ اور کہہ رہے ہیں ، کئی ہفتے ضائع ہوچکے عوام احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔ حکومت کی ناکامی کی وجہ سے آج پورا پاکستان خطرے میں ہے ،ضرورت اس بات کی ہے کہ ا یک حکمت عملی بنائی جائے جس پر فوری طورپر پورے ملک میں عملدرآمد کیا جائے ،اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ کرونا وائرس بڑی تیزی سے پھیل رہا ہے حکومت کی ہمیں توکچھ سمجھ نہیں آرہی ۔ وزیراعظم ،وزرائے اعلیٰ اور وزرا کے بیانات میں تضاد ہے ۔ حکومت کے ترجمان کچھ اور کہہ رہے ہیں ان کی باتوں میں ہم آہنگی نظر نہیں آتی ان کو کرونا وائرس کی وجہ کا علم ہے اور نہ اس کا کوئی علاج ہے۔ حکومت کو چاہیے تھا کہ سب سے پہلے آگاہی مہم چلاتی جس میں عوام کو بتایا جاتا کہ کرونا وائرس کیا ہے۔ ہم نے 136 صفحے کا ایک نیشنل ایکشن پلان بنایا ہے جس پر
عملدرآمد کی ضرورت ہے ۔ بدنصیبی یہ ہے حکومت کے پاس اس خطرے سے بچنے کی کوئی معقول دلیل نہیں ہے۔ ہم نے پچھلے جمعہ کو قومی اسمبلی میں اس معاملے کو اٹھایا تھا آج تک حکومت کا یہی کہنا ہے کہ کرونا کوئی مسئلہ نہیں ہے اس حوالے سے ہم نے تمام تر اقدامات کررکھے ہیں ۔ کرونا وائرس باہر سے آیا ۔ ہمارے لوگوں کی اکثریت ایران سے آئی مگر ان کو سرحد پر مینج کرنے میں ناکام رہے تفتان سے ملحقہ سرحد پر ٹینٹوں میں لوگوں کو اکٹھا رکھا گیا مگر وہاں سے لوگ بھاگ گئے ۔ انہوں نے کہاکہ کرونا وائرس سے بچائو پر حکومتی اقدامات ناکافی ہیں۔ ہماری اطلاع ہے کہ ایران سے آنے والوں میں 500 کے قریب ایسے لوگ تھے جو پنجاب میں آئے ۔ اگر پنجاب کو آج کسی چیز کی ضرورت ہے تو وہ شہباز شریف ہیں جو اس معاملے کو سنبھال سکتے ہیں ۔ عثمان بزدار کے بس کی بات نہیں ہے ڈینگی اسی طرح کا وائرس تھا جسے شہباز شریف نے قابو کیا ۔ آج ناکامی لیڈر شپ کی ہے اس ملک کی بدنصیبی ہے کہ موجودہ حکمرانوں کو کام کرنے کا کچھ پتا نہیں ۔ وزیراعظم اپنے معاملات درست کرلیں میں نے یہ بھی سنا ہے کہ وزیراعظم نے کہا ہے کہ ہمارے قرضے معاف کردئیے جائیں۔ جب وزیراعظم کی طرف سے ایسے غیر ذمہ دارانہ بیانات آتے ہیں تو ملک میں پریشانی میں اضافہ ہوتا ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت کرونا وائرس پر ٹھوس اقدامات کرے ہم نے قومی اسمبلی اور سینیٹ کی قرارداد کے لیے درخواستیں دے دی ہیں یہ وہ فورم ہیں جہاں ملکی معاملات پر بحث ہونی چاہیے۔ ملکی تاریخ کا سب سے بڑا مسئلہ پیدا ہورہا ہے۔