ٹھٹھہ،دوفرار قیدیوں کی گرفتاری کیلیے پولیس کا کچے کے علاقے میں آپریشن

161

ٹھٹھہ ( نمائندہ جسارت ) پولیس وین سے فرار ہونے والے دو قیدیوں کی گرفتاری کے لیے پولیس کا دڑو کے کچے کے علاقوں میں سرچ آپریشن ، دو خواتین کو گرفتار کرکے نامعلوم مقامات پر منتقل کردیا ، قیدیوں کے فرار ہونے میں پولیس اہلکاروں کے ملوث ہونے کا شبہ۔ تفصیلات کے مطابق ایک روز قبل سعید پور کے علاقے میں پولیس پارٹی پر حملہ کرکے فرار ہونے والے قیدیوں کی گرفتاری کے لیے سجاول اور ٹھٹھہ پولیس کی بھاری نفری نے ایس ایس پی سجاول سہائی عزیز کی سربراہی میں دڑو کے کچے کے علاقے پرک جھیل کے مقام پر سرچ آپریش شروع کردیا ہے تاہم فرار قیدیوں کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔ دوسری طرف پولیس کی بھاری نفری نے بیلو شہر کے قریب گوٹھ احمد شاہ پر چھاپا مارکر فرار قیدی غلام حسین شاہ کے بھائی نجف علی شاہ ، والد سائیں ڈنوشاہ اور ان کے گھر کی دو خواتین کو حراست میں لے کر نامعلوم مقامات پر منتقل کردیا ہے۔ ادھر سجاول پولیس تھانے میں سب انسپکٹر قمرالدین کی مدعیت میں دو قیدی اور دو پولیس اہلکاروں ہیڈ کانسٹیبل شکیل اختر اور کانسٹیبل احمد علی کے خلاف پی پی سی 323 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا جبکہ فرار ہونے والے دونوں قیدیوں رمضان ملاح اور غلام حسین شاہ پر دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے دونوں پولیس اہلکار اس وقت سجاول پولیس کی تحویل میں ہیں دونوں پولیس اہلکاروں پر شبہ ہے کہ فرار قیدیوں کو فرار کرانے کی سازش میں ملوث ہیں۔