ٹھٹھہ ( نمائندہ جسارت ) سندھ ملاح فورم ٹھٹھہ کی جانب سے دریائوں کے عالمی دن کے حوالے سے مچھلی مارکیٹ ٹھٹھہ میں آگاہی ریلی سندھ ملاح فورم سندھ کے سینئر نائب صدر ڈاڈا آدم گندرو محمد ایوب ملاح، محمد خان ملاح اور دوسروں کی سربراہی میں نکالی گئی جس میں ملاح برادری کے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ملاح رہنما ڈاڈ آدم گندرو نے کہا کہ آج دن کو منانے کا مقصد آبے حیات کو بچانا اور ماحولیاتی آلودگی سے بچنے کے لیے عوام کو آگاہی فراہم کرنا ہے ان دریاؤں میں موجود زندگی کو بچانے پر دھیان دیتے ہوئے کہا کہ مارچ 1997ء میں برازیل میں دریاؤں کی بحالی ڈیموں کے خلاف تحریک اور دریاؤں سے جھڑی ہوئی زندگی کی بحالی کے لیے تحریکیں چلی جس سے ہر سال یہ دن منانے کا فیصلہ کیا۔ آدم گندرو نے کہا کہ سندھ کے دریائوں میں مسلسل پانی کی قلت نے سندھ کے ڈیلٹا کو تباہ کردیا ہے جس کی وجہ سے تمر کے جنگلات بھی نہ ہونے کے ساتھ دریا بادشاہ کے پیٹ میں قبضہ مافیا کا راج قائم ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندو دریا میں پانی نہ آنے کی وجہ سے سندھ کی سوکھڑی پلہ مچھلی نایاب ہونے کی وجہ سے ملاح قوم بھوکے اور بدحالی کا شکار ہونے کی وجہ سے ہجرت کرنے پر مجبور ہیں دریا میں پانی نہ چھوڑنے کی وجہ سے سمندر 40 لاکھ ایکڑ زمین کھا گیا ہے ۔ٹھٹھہ، سجاول اور بدین کی زمینیں بھی سمندر میں چلی گئی ہیں دریا میں پانی نہ ہونے کی وجہ سے مچھلیاں، پرندے اور ماحولیات پر بھی تمام خطرناک اثر ہونے کے ساتھ مچھلیوں کے نسل بھی ختم ہو رہی ہے ۔انہوں نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ آب حیات کا زندہ رہنے کے لیے دریا میں پانی چھوڑ کر اس کی موجیں لوٹا کر ملاحوں کا معاشی قتل عام بند کیا جائے۔