بیجنگ (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے چین نے کورونا پر قابو پالیا،سی پیک کے منصوبے جلد مکمل ہونگے،چین نے ہر کڑے وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا،ہم اظہار یکجہتی کے لیے آئے ہیں، مختلف شعبوں میں تعاون جاری ہے،2021ء میں70 سالہ دوستی کا جشن منائیں گے،ہم پاک چین دوستی کو خطے میں خوشحالی کے پیغام کے طور پر سامنے لانا چاہتے ہیں۔ منگل کوبیجنگ میںمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ چین کی قیادت اور عوام ہر آڑے وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑی رہی ہے ،آج چین پر کورونا وائرس کی صورت میں کڑا وقت آیا ہے تو ہم پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان اور پاکستانی عوام کی طرف سے اپنے چینی بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے کے لیے آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چین نے جس نظم و ضبط کے ساتھ جس طرح کورونا جیسے چیلنج کا سامنا کیا ہے اس کی مثال ماضی قریب میں نہیں ملتی۔ ہزاروں لوگ متاثر ہوئے لیکن کمال قومی یکجہتی کا مظاہرہ کیا گیا ، آج چین نے اس وبا پر غلبہ پا لیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوںنے کہا کہ دو طرفہ تجارت ، غربت کے خاتمے اور انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ میں تعاون کو جاری رکھے ہوئے ہیں،افغان امن عمل سے متعلق باہمی مشاورت اور تعاون جاری ہے،مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر چین نے پاکستان کی حمایت کی ہے ، چین دنیا کی دوسری بڑی معیشت ہے ، چند برسوں میں دنیا کی سب سے بڑی معیشت کے طور پر سامنے آئے گا۔