سراج الحق اور منور حسن کی سید آصف علی کے اہل خانہ سے ملاقات و تعزیت

445

کراچی(نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق اور سابق امیر سید منور حسن نے جماعت اسلامی کراچی کے سابق سیکرٹری و سابق مہتمم جامعہ حنیفیہ ملیر سید آصف علی کے انتقال پر ان کے گھر جا کران کے صاحبزادوں عمر فارو ق ،عثمان غنی ، علی مرتضیٰ ، عبد العزیز ، نواسے شجاع الحسن اور دیگر اہل خانہ سے ملاقات کی اوردلی تعزیت کا اظہار کیا ۔ جماعت اسلامی کے رہنمائوں نے مرحوم کی دینی و تحریکی خدمات پر ان کو شاندار خراج ِ تحسین پیش کیا ۔اس موقع پر گفتگو کر تے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ سید آصف علی مرحوم کو اللہ تعالی نے اپنی بندگی اوردین کی خدمت کے لیے منتخب کیا اور انہوں نے اس کا حق ادا کیا۔ ان کی رحلت سے دین کی خدمت کرنے والا ایک بڑا انسان دنیا سے رخصت ہوگیاہے ۔دنیا میں آنے والے ہر انسان کو جانا ہے لیکن سید آصف علی مرحوم کی زندگی ہم سب کے لیے ایک مشعل راہ ہے بالخصوص اس لحاظ سے کہ وہ انتہائی ملنساراور اچھے اخلاق کے مالک تھے ۔ان سے ملنے والے اوران سے تعلق رکھنے والے ہر شخص نے ان کے مزاج اورحسن اخلاق کا بڑا تذکرہ کیا ہے ،وہ صبرو استقامت اور ہمت والے انسان اور دین کے مجاہد تھے ، وہ برداشت کرنے والے تھے ، سخت ناگوار بات بھی خنداپیشانی سے سنتے تھے ۔ اچھے اخلاق اورمزاج میں نرمی بہت بڑا سر مایہ ہوتے ہیں اور یہ اللہ تعالی کی طرف سے عنایت ہو تی ہے ، نبی مہربان نے فرمایا ہے کہ میزان میں کوئی چیز اچھے اخلاق سے زیادہ بھاری نہیں ہے ۔اللہ تعالی ہم سب کو حسن اخلاق کی توفیق عطا فرمائے ۔اس موقع پر جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امرا اسد اللہ بھٹو،ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، صوبائی امیر محمد حسین محنتی، نائب امیر صوبہ سندھ عبد الغفار عمر،امیر کراچی حافظ نعیم الرحمن،نائب امرا ڈاکٹر اسامہ رضی،برجیس احمد ، صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا، الخدمت کے عنایت اللہ اسماعیل،امیر ضلع شمالی محمد یوسف ،سیکرٹری ضلع عرفان احمد ، ناظم علاقہ گلشن معمار سمیت دیگر ذمے دارا ن و کارکنان اور مرحوم کے عزیز و اقارب بھی موجودتھے ۔