سکھر، قرنطینہ میں موجود افراد کے گھروں میں راشن پہنچانے کی ہدایت

134

کراچی(نمائندہ جسارت)وزیر اعلیٰ سندھ نے سکھر میں قرنطینہ میں رکھے گئے زائرین کے گھروں میں راشن پہنچانے کی ہدایت کردی۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کمانے والے لوگ آئسولیشن میں ہیں تو ان کو گھر کی روزی روٹی کی فکر ہے لہٰذا قرنطینہ سینٹر میں موجود افراد روزی روٹی کی فکر چھوڑ کر اپنی صحتیابی پر توجہ دیں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ سکھر میں قرنطینہ میں موجود افراد کے گھروں میں راشن پہنچایا جائے، حکومت آپ کے گھروں کا چولہا بجھنے نہیں دے گی۔اس موقع پر مراد علی شاہ نے وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کو ہدایت کی کہ زائرین کے گھروں پربغیر میڈیا کوریج راشن پہنچائیں۔خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 183 ہوگئی ہے۔سندھ سے 150، خیبر پختونخوا میں 15، بلوچستان میں 10، اسلام آباد میں 4، گلگت بلتستان میں 3 اور لاہور میں کورونا کا ایک مریض ہے۔تفتان سے سکھر آنے والے اب تک 119 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے جب کہ 30 کیسز کراچی اور ایک کا تعلق حیدرآباد سے ہے۔کورونا وائرس سے متاثرہ دو مریض جن کا تعلق کراچی سے تھا صحتیاب ہوکر گھر جاچکے ہیں۔