اثاثہ جات کیس: خورشید شاہ کی درخواست ضمانت سننے والا بینچ ٹوٹ گیا

70

سکھر (اے پی پی) سندھ ہائیکورٹ سکھر ڈویژن بینچ نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں نیب کے زیر حراست پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کی ضمانت کی درخواست پر پیر کے روز سماعت کے بعد آئندہ سماعت 24 مارچ تک ملتوی کر دی، مزید براں سماعت کرنے والے بینچ کے جج جسٹس ذوالفقار سانگی نے آئندہ سماعت پر درخواست سننے سے معذرت کرلی جس کے بعد ہائیکورٹ کی جانب سے نیا
بینچ تشکیل دیے جانے کا امکان ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ کی جانب سے آمدن سے زائد اثاثہ جات کے الزام میں ریفرنس میں ضمانت کیلیے دی گئی درخواست کی سماعت سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس امجد علی سہتو اور جسٹس ذوالفقار سانگی پر مشتمل بینچ نے کی۔ خورشید شاہ کی جانب سے رضا ربانی اور مکیش کمار کارڑا بطور وکیل پیش ہوئے۔ نیب پراسیکیوٹر نے خورشید شاہ کی ضمانت پر اپنے اعتراضات دائر کیے، عدالت نے خورشید شاہ کے وکلا کے مختصر دلائل کے بعد سماعت 24 مارچ تک ملتوی کردی۔