رینٹل پاور کیس: راجا پرویز اشرف کیخلاف شواہد موجود ہیں، نیب

120

اسلام آباد (اے پی پی) احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف کیخلاف دائر گلف اور ریشماں رینٹل پاور ریفرنس کی سماعت 7 اپریل تک ملتوی کردی۔ پیر کو احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے ریفرنس پر سماعت کی۔ دوران سماعت نیب کی جانب سے گلف رینٹل پاور ریفرنس میں تحریری جواب عدالت میں جمع کرایا گیا۔ دوران سماعت نیب نے راجا پرویز اشرف کی جانب سے ترمیمی
آرڈیننس کے تحت دائر بریت درخواست کی مخالفت کر تے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ راجا پرویز اشرف کیخلاف جرم ثابت کرنے کے لیے شواہد موجود ہیں، سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف کے کیس پر ترمیمی آرڈیننس کا اطلاق نہیں ہوتا، راجا پرویز اشرف رینٹل پاور کیسز میں کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ دوران سماعت نیب کی جانب سے ریشماں رینٹل پاور کیس میں جواب جمع کروانے کیلیے عدالت سے مہلت دینے کی استدعا کی گئی۔ عدالت نے گلف اینڈ ریشماں رینٹل پاور ریفرنس پر سماعت 7 اپریل تک ملتوی کردی۔