عوام کے اندر خوف حکومت کی نااہلی کی وجہ سے پھیلا ہے، سینیٹر سراج الحق

647

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کا کہنا ہے کہ عوام کے اندر زیادہ خوف و ہراس حکومت کی نااہلی اور بے خبری کی وجہ سے پھیلا ہے۔ کرونا سے خوف زدہ ہونے کی بجائے عوام اللہ سے رجوع اور توبہ و استغفار کو اپنا معمول بنائیں۔

جماعت اسلامی سندھ کے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ حکومت وعظ و نصیحت کی بجائے کرونا سے بچاؤ کے لیے عملی اقدامات پر فوکس کرے۔ اب تک کی صورتحال سے واضح ہو گیاہے کہ مرکزی و صوبائی حکومتیں کسی ناگہانی آفت سے نپٹنے کی صلاحیت نہیں رکھتیں۔ بہت سی بیماریوں سے دنیا بھر میں روزانہ ہزاروں لوگ لقمہ اجل بن جاتے ہیں مگر کرونا کا اتنا خوف و ہراس پھیلا دیا گیاہے کہ دنیا کے ہر ملک میں مرنے والوں کی تعداد دن میں درجنوں بار بتائی جاتی ہے۔

عوام احتیاطی تدابیر پر عمل کریں، باوضو رہیں، پانچ وقت نماز کے بعد اللہ تعالیٰ سے دعا و استغفار کریں۔ حکومت ہر چھوٹے بڑےاسپتال میں کرونا کی تشخیص اور علاج کا انتظام کرے صرف چند بڑے شہروں میں علاج کی سہولت دینا چھوٹے شہروں اور دیہاتوں میں رہنے والے کروڑوں عوام نظر انداز کرنے کے مترادف ہے۔

سینیٹر سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کی طرف سے کرونا وائرس کی تشخیص، علاج اور عوامی آگاہی کے حوالے سے نااہلی کا مظاہرہ دیکھنے میں آرہاہے۔وفاق اور صوبے ایک دوسرے پر نااہلی کا الزام لگا رہے ہیں اور توبہ و استغفار اور عوام کو وبا سے بچانے کے لیے عملی اقدامات کی بجائے دوسروں کو مورد الزام ٹھہرانے میں لگے ہوئے ہیں۔