سکھر (نمائندہ جسارت) میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا ہے کہ ایران سے سکھر آئے ہوئے مسافروں میں سے کوئی بھی شخص کورونا وائرس سے متاثر نہیں، سوشل میڈیا پر جھوٹا پروپیگنڈا کیا جارہا ہے، ہماری شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ ان افواہوں پر کان نہ دھریں اور مشکل کی اس گھڑی میں انتظامیہ کا ساتھ دیں جبکہ احتیاطی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کریں تاکہ اس موذی وائرس سے بچا جاسکے۔ ہاتھوں کو وقفے وقفے سے صابن، پانی یا سینی ٹائزر سے صاف کریں، نماز کی پابندی کی جائے، خود کو باوضو رکھیں، باوضو رہنا سنت بھی ہے اور اس وائرس سے محفوظ رہنے کا ذریعہ بھی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کورونا وائرس کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرتی جھوٹی خبروں، غلط پروپیگنڈے کے تدارک اور شہریوں کو حقیقی صورتحال سے آگاہ کرنے کے لیے میئر ہائوس سکھر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سکھر رانا عدیل، ڈپٹی میئر طارق حسین چوہان، میونسپل کمشنر محمد علی شیخ، ایم ایس سول اسپتال اور ڈی ایچ او بھی موجود تھے۔ میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے پیشگی احتیاطی تدابیر کو اپناتے ہوئے ایران سے آئے مسافروں کو سکھر کی لیبر کالونی منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تمام افراد کے ٹیسٹ کرائے جاچکے ہیں، اب تک کسی ایک شخص میں بھی وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ احتیاط دوبارہ ری اسکریننگ، ٹیسٹ کے لیے تمام افراد کے نمونے لیے گئے ہیں، جنہیں گزشتہ شب وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے بھیجے گئے، خصوصی طیارے کے ذریعے کراچی بھیجا گیا ہے، جس کی رپورٹ جلد آجائے گی۔ ڈپٹی کمشنر سکھر رانا عدیل نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سندھ حکومت کی جانب سے سیاسی، سماجی، مذہبی سمیت ہر قسم کے اجتماعات، مجالس پر پابندی عائد کی گئی ہے، جس پر عملدرآمد کرایا جائے گا۔ کورونا وائرس سے بچائو کے لیے عوام اپنے آپ کو محدود کریں۔ انہوں نے بتایا کہ 250 سے زائد ایران سے آئے مسافروں کو لیبر کالونی میں ٹھہرایا گیا ہے، تقریباً 700 مزید مسافروں کو یہاں لایا جائے گا جبکہ ہم نے ایک ہزار کمروں کا بندوبست کیا ہوا ہے۔ ایم ایس سول اسپتال نے بریفنگ دیتے ہوہے بتایا کہ 2 مریض سول اسپتال لائے گئے تھے مگر دونوں ہی میں وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی۔