ٹھٹھہ، پولیس اہلکار ماسک سمیت وائرس سے بچاؤ کی سہولیات سے محروم

271

ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) کورونا وائرس کے خطرات کی وجہ سے اسپتالوں سمیت مختلف جگہوں کی سیکورٹی پر تعینات ٹھٹھہ پولیس کے جوان شدید پریشانی میں مبتلا۔ سول اسپتال ٹھٹھہ میں آنے والے مریضوں اور محکمہ صحت کی ٹیموں کو سیکورٹی دینے والے پولیس اہلکاروں کو ماسک سمیت وائرس سے بچاؤ کی سہولیات نہیں مل سکیں۔ ایس ایس پی ٹھٹھہ کی جانب سے بانٹے گئے ماسک کی تعداد بہت کم تھی، سیکڑوں اہلکار اسپتال، مسجد، پارک اور دوسری عوامی ہجوم والی جگہوں پر بغیر ماسک ڈیوٹی دینے پر مجبور۔ اس سلسلے میں لی گئی معلومات کے مطابق محکمہ صحت کے ملازمین کیساتھ سندھ پولیس عوام کو خطرناک وائرس سے بچانے کے لیے ہائی الرٹ ہیں، جن کو ترجیح بنیادوں پر تمام احتیاطی آلے فراہم کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ دوسری جانب ضلع ٹھٹھہ کی ضلع سول اسپتال میں عملے کو بھی ماسک فراہم نہیں کیے گئے، جس کے باعث سول اسپتال کا عملہ بھی مایوس کن صورتحال سے دوچار ہے۔ ٹھٹھہ کے سماجی حلقوں نے اس صورتحال پر انتہائی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ پہلے ڈاکٹر اور ان کو سیکورٹی دینے والے پولیس اہلکاروں کو سہولیات فراہم کی جائیں۔