کورونا وائرس کے بڑھتے خطرات ،وفاق ابھی تک مرکزی کردار ادا کرنے میں ناکام ہے،شہباز شریف

245

لندن (صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس سے عوام کے بچائو، تحفظ، متاثرہ افراد کے علاج کے لیے جامع پالیسی اپنائی جائے‘ مرکزی اور صوبائی سطح پر کورونا وائرس کی مانیٹرنگ کا نظام قائم کیا جائے‘ کورونا وائرس سے نمٹنے میں پروفیشنل ایڈوائس کے لیے چین سے رابطہ کیا جائے‘ منحرف ارکان کو10،10 کروڑ روپے دینے کے بجائے کورونا کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے مناسب فنڈز مختص کیے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حالات کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے باتوں، بیانات، دعووں اور پریس کانفرنسوں کے بجائے اقدامات پر توجہ مرکوز کی جائے‘ وفاقی حکومت کورونا کے بڑھتے خطرات میں ابھی تک مرکزی کردار ادا کرنے میں ناکام ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور سندھ حکومت کو شاباش ہے کہ انہوں نے کورونا خطرات میں عوام کی جان بچانے کے لیے ذمے دارانہ کردار ادا کیا۔ جبکہ اس سے قبل جاری ایک اور بیان میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ تاریخ گواہ ہے کہ عظیم پاکستانی قوم ہر مشکل اورآزمائش کا سامنا کرنے اور اسے شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہے‘ ہر مشکل نے ہمیں مزید مضبوط بنایا اور ہم نے اپنی بہترین صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے‘ کورونا وائرس صحت کے لیے ایک سنگین خطرہ ضرور ہے لیکن یہ ہمارے قومی عزم سے بڑا ہرگز نہیں‘ کورونا کے خلاف قومی جنگ ہر سیاسی تقسیم سے بالاتر ہے، ایک صحت مند پاکستان کے لیے ہم سب نے ایک ہوکر لڑنا ہے۔ انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ ڈاکٹروں اور طبی عملے سے تعاون کریں۔