کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو 5وکٹوں سے شکست دیدی

233

کراچی (رپورٹ : سید وزیر علی قادری)پی ایس ایل فائیو کے 30 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو 5 وکٹ سے شکست دے دی۔نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے 30 ویں میچ میں کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 150 رنز بنائے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو فتح کے لیے 151 کا ہدف دیا۔اس سے قبل کراچی کنگز کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ پچھلے 2 میچوں میں مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کرنے والے شرجیل خان کو پہلے ہی اوور میں نسیم شاہ نے کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس بھیج دیا۔ تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے افتخار احمد بھی 21 رنز ہی بناسکے۔کپتان بابراعظم نے کیمرون ڈیلپورٹ کے ساتھ مل کر اننگز کو آگے بڑھایا تاہم وہ خود 32 رنز بنانے کے بعد پویلن واپس لوٹ گئے جس کے بعد چاڈوک والٹن نے ڈیلپورٹ کا ساتھ دیا اور ذمہ داری سے اسکورکو آگے بڑھایا۔ ڈیلپورٹ نے 37 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کی۔والٹن 20 گیندوں پر 26 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جب کہ ڈیلپورٹ 44 گیندوں پر 62 رنز کی اننگز کھیل کرآؤٹ ہوئے جس میں 2 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے نسیم شاہ نے 2 جب کہ فواد احمد، محمد حسنین اور سہیل خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔جوابی بیٹنگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پانچ کھلاڑیوں کے نقصان پر محض 16.2 اوورز میں ہی مقررہ ہدف حاصل کرلیا اور 154 رنز اسکور کیے۔میچ کی اوپننگ احمد شہزاد اور شین واٹسن نے کی۔ احمد شہزاد کوئی رن نہ بناسکے اور پویلین لوٹ گئے جب کہ شین واٹسن اور خرم منظور نے دھواں دھار اننگ کھیل کر میچ کوئٹہ کی فتح میں کردار ادا کیا۔شین واٹسن نے 34 گیندوں پر 66 رنز اور خرم منظور نے 40 گیندوں پر 63 رنز اسکور کیے، سرفراز احمد نے دو رنز بنائے اور بین کٹنگ صفر پر آؤٹ ہوگئے۔ اعظم خان 12 رنز اور محمد نواز 8 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔کراچی کنگز کے بالرز وقاص مقصود اور ارشد اقبال نے دو دو جب کہ علی خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔