کراچی/ہالا(نامہ نگار خصوصی)امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے آج سے جماعت اسلامی کی جانب سے پورے ملک میں رجوع الی اللہ مہم کا آغاز اور تمام بڑی سرگرمیاں ملتوی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے آج پوری دنیا میں خوف کا عالم ہے۔ اللہ سے بغاوت پر مبنی نظام اور نعمتوں کی ناشکری کی وجہ سے پوری دنیا خوف اور بھوک و افلاس کا شکار ہے۔جن کا کام قوم کی حفاظت تھا وہ خود غیر محفوظ ہیں۔امریکا ،برطانیہ اور چین جیسی بڑی طاقتیں بے بسی کی تصویر بنی ہوئی ہیں۔یہ صورتحال اس بات کا بین ثبوت ہے کہ اللہ کائنات کا حاکم ہے جس کے سامنے کسی کو دم مارنے کی جرأت نہیں اور وہ تنہا اس پوری کائنات کے نظام کو اپنی مرضی سے چلارہا ہے، اس لیے کورونا وائرس جیسی عالمی وبا کے امتحان و آزمائش سے نکلنے کا واحد حل رجوع الی اللہ ہے۔ صدر ،وزیر اعظم اور آرمی چیف کو رجوع الی اللہ کی اس تحریک کی قیادت کرنی چاہیے۔ہمیں انفرادی و اجتماعی زندگی میں گناہوں سے توبہ و استغفار اور اللہ کی رضا اور فرمانبرداری کا رویہ اپنانا ہوگا۔ حکومت اب میڈیا کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے ۔ہر حکومت کی کوشش ہوتی ہے کہ عدالت اور صحافت سمیت ہر ادارہ ان کے کنٹرول میں ہو۔ صحافت حکومت کو آئینہ دکھاتی ہے آئینہ توڑنے کے بجائے حکومت اپنی اصلاح کرے۔انہوں نے کہاکہ عملی سیاست میں ادارے کمزور اور کچھ لوگ مضبوط ہو رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں جامعہ منصورہ ہالا میں منعقدہ ختم بخاری کی تقریب سے خطاب اور بعد ازاںمیڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔تقریب سے نائب امراء اسد اللہ بھٹو،ڈاکٹرمعراج الہدی صدیقی، صوبائی امیر محمد حسین محنتی اورشیخ الحدیث مولانا آغامحمد سمیت صوبائی ذمے داران اور علمائے کرام بڑی تعداد میں موجود تھے ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکمران امریکا، روس اور ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی طرف دیکھنے کے بجائے اپنی ذات سے توبہ و استغفار اوررجوع الی اللہ کا آغاز کریں،جب بڑے اچھے ہوں گے تو قوم بھی نیکو کار بن جاِئے گی۔ جب بڑے اصل راستہ چھوڑتے ہیں تو قوم بھی بھٹک جاتی ہے۔ حکمران اللہ اور اس کے رسولﷺ کی طرف دیکھنے کے بجائے مغرب کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ حکمران ہروہ کام کررہے ہیں جس سے اللہ ناراض اور مغرب و امریکا خوش ہو۔جس کی تازہ مثال زینب الرٹ بل ہے۔انہوں نے کہاکہ ہمارے ملک سمیت دنیا میں ظلم وجبر کا نظام چل رہا ہے۔اللہ سے بغاوت کے اس نظام کی وجہ سے کورونا سمیت مختلف وبائوں نے سب کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے کیوںکہ اللہ کی لاٹھی بے آواز ہے ۔پوری دنیا کو رجوع الی اللہ کرنا ہوگا میرا جسم میری مرضی نہیں جس کی کائنات ہے صرف اس کی مرضی چلے گی۔جماعت اسلامی نے بڑے پروگرام عارضی طور معطل کردیے ہیں آج سے رجوع الی اللہ مہم شروع کی جائے گی۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ مغرب دینی مدارس کے خلاف جھوٹا پروپگنڈا کررہا ہے ،ہمارے حکمران بھی ان کی ہاں میں ہاں ملا رہے ہیں۔ مدارس اسلام کے قلعے اور اصلاح کے مراکز ہیں۔ تعلیمی بجٹ سے دینی مدارس کو کچھ بھی نہیں دیا جا رہا ہے، وزیر، مشیر سب سے پہلے اپنے کردارکو درست کریںاور پھر دوسروں کی اصلاح کی بات کریں۔ دینی مدارس کے خلاف سازش کو ناکام بنانا ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت صرف میڈیا میں موجود ہے اور کہیں بھی نظر نہیں آتی۔جماعت اسلامی آئین کی بالا دستی ا ور اداروں کے استحکام اور خودمختاری کی جدوجہد کررہی ہے تاکہ پاکستان کو حقیقی معنوں میں اسلامی و خوشحال بنایاجا سکے۔دریں اثناء سینیٹر سراج الحق نے اپنا 5روزہ دورہ سندھ بھی ملتوی کردیا ہے۔