ملتان (صباح نیوز) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف جنوبی پنجاب صوبے کے حوالے سے اسمبلی میں بل لائے گی‘ جنوبی پنجاب صوبے پر آئینی ترمیم کیلیے دو تہائی اکثریت ہمارے پاس نہیں‘ (ن) لیگ اور پی پی پی اراکین سے گزارش ہے کہ سیاست سے بالاتر ہو کر جنوبی پنجاب صوبے کی حمایت کریں‘ بے شک اپوزیشن جنوبی پنجاب صوبے کا کریڈٹ لے‘ آپ کے بغیر یہ کام نہیں ہو سکتا‘ ہم الجھتے رہے اور ایک دوسرے کو نیچا دکھاتے رہے تو مقصد پورا نہیں ہو گا‘جنوبی پنجاب صوبے کے دارالخلافہ کا فیصلہ منتخب اسمبلی پر چھوڑ دیا جائے‘ کوشش ہے کہ یکم جولائی سے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ فعال ہو جائے۔ ان خیالات کا اظہار شاہ محمود قریشی نے ملتان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔