لاڑکانہ، آوارہ کتوں کے کاٹنے سے بچوں سمیت 6 افراد زخمی

137

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ شہر سمیت گردونواح میں آوارہ کتوں کے کاٹنے کے نتیجے میں پانچ بچوں اور خاتون سمیت 6 سے زائد افراد زخمی ہوئے، جن میں 12 سالہ مرک جتوئی، 14 سالہ وقار بروہی، 12 سالہ نادیہ بروہی، 15 سالہ مرتضیٰ لْہر، 12 سالہ ندیم چاندیو، منظر بھٹو، 50 سالہ ضعیف خاتون حاجل مغیری و دیگر شامل ہیں جنہیں ورثا کی جانب سے سگ گزیدگی ویکسین دینے کے لیے شعبہ حادثات میں قائم اینٹی ربیز سینٹر لایا گیا، تاہم گھنٹوں تک انتظار کے باوجود مریضوں اور ورثا کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوا، جس پر انہوں نے سینٹر انتظامیہ کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر مختار جتوئی، شاکر بروہی، فرمان بروہی و دیگر کا کہنا تھا کہ ہم یہاں گھنٹوں تک انتظار کرکے کتوں کے کاٹنے سے متاثر ہونے والے اپنے بچوں کو ویکسین دینے کے لیے کھڑے ہیں، تاہم ویکسین کی کمی کا جواز بناکر ہمیں مسلسل انتظار کروایا جارہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سگ گزیدگی کی ویکسین فراہم کرکے متاثرہ مریضوں کی زندگیوں کو بچایا جائے۔ دوسری جانب چند گھنٹوں کے بعد متاثرہ بچوں اور دیگر کو ویکسین دے کر فارغ کیا گیا۔