ریلوے کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی،شیخ رشید

521

لاہور: وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ ریلوے کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظرایک آدھ کے سوا تمام ٹرینوں کی سروس بحال رہےگی، ریلوے کے تمام اسپتالوں میں کورونا وائرس کےٹیسٹ کی سہولت دے رہےہیں، ایم ایل ون منصوبہ ریلوے کی زندگی ہے،یہ متاثرنہیں ہوگا۔

شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان میں فی الحال کورونا وائرس کا کوئی خطرہ نہیں، بیرون ملک سے آنے والے لوگوں میں کچھ اثرات پائے گئے ہیں تاہم ریلوے کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے جبکہ کورونا وائرس پرافراتفری پھیلانے کی کوشش نہ کی جائے۔

وزیر ریلوے نے اپوزیشن جماعتوں کے بارے میں کہا کہ پیپلزپارٹی اورمسلم لیگ ن سیاسی طور پردم توڑچکی ہیں، دونوں جماعتوں کے قائدین صرف ملک سے باہربھاگنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کا مطالبہ ہی کیا ہے؟ اللہ رسول کے واسطے باہر جانے دو، ڈرکر پاکستان سے بھاگنے والے بزدل لوگ کبھی باہرنہیں نکل سکتے، کیاان کا ’’باہرجانےدو‘‘ کےعلاوہ کوئی مطالبہ،کوئی نعرہ ہے؟

وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ یہاں جینا اورمرنا ہمیں ہے،یہ لوگ صرف میڈیا میڈیا کھیل رہےہیں۔