ایک دوسرے کو نیچا دکھاتے رہے تو مقصد پورا نہیں ہوگا،شاہ محمود قریشی

343

ملتان: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ایک دوسرے کو نیچا دکھاتے رہے تو مقصد پورا نہیں ہوگا۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب صوبہ پی ٹی آئی منشورمیں شامل تھا، صوبہ بنانے کے لئے دو تہائی اکثریت چاہیے، جو ہمارے پاس نہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پی ٹی آئی جنوبی پنجاب صوبے کے حوالے سےاسمبلی میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ بنانے کیلئے کوئی آئینی اورقانونی رکاوٹ نہیں، تحریک انصاف  اسمبلی میں بل لائےگی اور دیگر جماعتوں سے تائیدحاصل کرنے کی کوشش کریگی۔

انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے پاس دو تہائی اکثریت تھی، لیکن ان کی ترجیحات میں جنوبی پنجاب صوبہ نہیں تھا، ن لیگ، پی پی اراکین سے گزارش ہے سیاست سے بالاتر ہو کرجنوبی پنجاب صوبے کی حمایت کریں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ بے شک اپوزیشن جنوبی پنجاب صوبے کا کریڈٹ لے لیں، آپ کے بغیر یہ کام نہیں ہوسکتا، ہم الجھے رہے،ایک دوسرے کو نیچا دکھاتے رہے تو مقصد پورا نہیں ہوگا۔