ضلع گوادر کی خواتین کا منشیات فروشی کیخلاف احتجاج

435

کو ئٹہ (نمائندہ جسارت)بلوچستان کے ضلع گوادر میں خواتین نے منشیات فروشی کے خلاف احتجاج کیا اور نشے کے عادی افراد کے ایک ٹھکانے کو آگ لگا دی۔ گوادر کے علاقے بلیدہ میں خواتین نے منشیات فروشی کے خلاف ریلی نکالی اور احتجاج کیا خواتین نے نعرے لگائے۔ اس موقع پر بعض خواتین مشتعل ہو گئیں اور نشے کے عادی افراد کے ایک ٹھکانے کو آگ لگا دی ، خواتین کا کہنا تھا کہ پورا بلیدہ منشیات کا گڑھ بن چکا ہے، منشیات فروشوں کو انتظامیہ کی سرپرستی حاصل ہے متعلقہ انتظامیہ کو کئی مرتبہ شکایت کی لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی مجبوراً احتجاج پر نکلی ہیں۔ انہوں مطالبہ کیا کہ بلیدہ سے منشیات کے خاتمے کیلیے اقدامات کیے جائیں۔