سکھر ،یوٹیلیٹی اسٹورز پر ریلیف پیکیج نہ ملنے کیخلاف شہریوں کااحتجاج

153

سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر کی سول سوسائٹی کے زیر اہتمام مہنگائی اور وفاقی حکومت کی جانب سے اعلان کے باوجود عوام کو یوٹیلیٹی اسٹورز پر وفاقی ریلیف پیکیج نہ ملنے کیخلاف شہریوں نے وفاقی حکومت کی ناقص کارکردگی پر ڈھول بجا کر انوکھا احتجاجی مظاہرہ کیا اور وفاقی حکومت ہائے ہائے کے نعرے لگائے۔ مظاہرے میں شامل ایک شہری نے وزیر اعظم عمران خان کی تصویر بھی سر پر چسپاں کر رکھی تھی سول سوسائٹی کے رہنما اشفاق بھٹی، وقار علی سومرو، عبدالحمید شیخ، سید عمران شاہ ودیگر نے مظاہرے کی قیادت کی۔ اس موقع پر مذکورہ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے پاکستان کے مظلوم عوام سے جینے کی امنگ تک چھین لی ہے، ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روزگاری، اشیا خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ عوام کے لیے طوفان برپا کیے ہوئے ہے۔ آٹا، گھی، دالیں، چینی و اشیا خورونوش کی بڑھتی ہوئی قیمت نے عوام کو دوہرے عذاب میں مبتلا کردیا ہے۔ وفاقی حکومت نے مہنگائی کو کنٹرول کرنے اور عوام کو وفاقی ریلیف پیکیج دینے کا اعلان کیا، لیکن وفاقی حکومت اپنے عوامی ریلیف پیکیج سے بھی یوٹرن ہوگئی ہے۔ وفاقی ریلیف پیکیج کہیں نظر نہیں آتا۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ حالیہ مہنگائی کی وجہ سے نا صرف گھریلو بلکہ کاروباری زندگی بھی بری طرح متاثر ہے۔ موجودہ حکومت عوامی مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ نہیں ہے۔ سول سوسائٹی کے نمائندگان اور شہریوں نے چیف جسٹس سے بڑھتی ہوئی مہنگائی کا نوٹس لے کر عوام کو ریلیف فراہم کرنے سمیت مزید مہنگائی کی وجہ سے درپیش مشکلات سے نجات دلانے کا پر زور مطالبہ کیا ہے۔