پی ایس ایل ،10 غیر ملکی کھلاڑی وطن روانہ ہمارا کوئی نہیں گیا،قلندر کوئٹہ

797

کراچی(اسٹاف رپورٹر) کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں شریک غیر ملکی کھلاڑی اپنے وطن روانہ ہوگئے۔پشاور زلمی کے ویسٹ انڈین کھلاڑی کارلوس براتھ ویٹ، ملتان سلطانز کے رائیلی روسو بھی وطن روانہ ہوگئے۔اپنے الوداعی بیان میں روسو نے کہا کہ بد قسمتی سے پی ایس ایل کا مزید حصہ نہیں ہوں گا، ملتان سلطانز کی نمائندگی کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، پاکستانیوں کی میزبانی پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں، پی ایس ایل میں شرکت یادگار تجربہ رہا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل ٹیمیں انٹرنیشنل پلیئرز کے بجائے مقامی کھلاڑیوں کو لے سکتی ہیں۔پشاور کی ٹیم میں حماد اعظم کو شامل کیا گیا ہے اور پی ایس ایل کے نئی پلیئنگ کنڈیشنز کے مطابق ٹیمیں مقامی کھلاڑیوں کو شامل کرسکتی ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے کورونا وائرس کے پیش نظر پاکستان سپر لیگ فائیو میں شامل تمام غیر ملکی کھلاڑیوں کو واپس جانے کی پیشکش کی تھی۔پی سی بی اور پی ایس ایل مینجمنٹ کا کہنا ہے کہ جو غیر ملکی کھلاڑی واپس اپنے ملک جانا چاہتے وہ جا سکتے ہیں۔پی سی بی کا کہنا ہے قانون کے مطابق تمام ٹیموں کو متبادل کھلاڑیوں کے انتخاب کی اجازت ہو گی، جس کی منظوری ایونٹ ٹیکنکل کمیٹی دے گی۔کرکٹ بورڈ کے مطابق 9 غیر ملکی کھلاڑی پہلی دستیاب پرواز سے اپنے وطن جا رہے ہیں جن میں پشاور زلمی کے ٹام بینٹن، لیام ڈاسن اور لیوس گریگری، لیام لیونگسٹن اور بریتھ ویٹ، کراچی کنگز کے ایلکس ہیلز ،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے جیسن رائے اور ٹائمل ملز جب کہ ملتان سلطانز کے رائیلی روسو اور جیمز ونس شامل ہیں۔دوسری طرف خبر رساں ادارے آئی این پی کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل)کھیلنے والی ٹیمز میں شامل غیر ملکی کھلاڑیوں کو دستبردار ہونے کی پیشکش کردی۔ لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم مینجمنٹ نے وضاحت کی ہے کہ انکی ٹیموں میں شامل غیر ملکی کھلاڑیوں نے لیگ ادھوری چھوڑ کر اپنے ملک واپس جانے کی خواہش کا اظہار نہیں کیا۔اس حوالے سے باخبر ذرائع نے بتایا کہ پی سی بی کی جانب سے غیر ملکی کھلاڑیوں کو کہا گیا ہے کہ اگر وہ ٹورنامنٹ دستبردار ہونا چاہیں تو ہوسکتے ہیں۔پی سی بی حکام نے غیر ملکی کھلاڑیوں سے ملاقات کر کے انہیں دنیا بھر میں کورونا وائرس کے پھیلائو، احتیاطی تدابیر اور ضمن میں اٹھائے گئے اقدامات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ذرائع پی سی بی کے مطابق کورونا وائرس کے پیش نظرپی ایس ایل میں شامل بعض غیرملکی کھلاڑیوں نے واپس جانے کی خواہش ظاہرکی جس کے بعد پی سی بی نے بھی کھلاڑیوں کواپنے اپنے وطن واپس جانے کی اجازت دے دی ہے۔ فلائٹ آپریشن بند ہونے کے ڈرسے کھلاڑی واپسی کے خواہاں ہیں۔ترجمان پی سی بی کے مطابق کھلاڑیوں کوفیصلے کا حق حاصل ہے، کھلاڑیوں نے اپنا حق استعمال کیا تو باقاعدہ اعلان کریں گے۔دوسری جانب پی سی بی کی پیشکش پر کچھ کھلاڑیوں نے وطن واپس لوٹنے کا فیصلہ کر لیا۔ذرائع کے مطابق پی سی بی نے کھلاڑیوں کو واپس جانے کا آپشن دیا تھا اور اس حوالے سے تمام فرنچائزز کو بھی آگاہ کر دیا گیا تھا۔ادھر اسلام آباد یونائیٹڈ نے اپنا پریکٹس سیشن منسوخ کر دیا۔ لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم مینجمنٹ نے وضاحت کی ہے کہ انکی ٹیموں میں شامل غیر ملکی کھلاڑیوں نے لیگ ادھوری چھوڑ کر اپنے ملک واپس جانے کی خواہش کا اظہار نہیں کیا۔