کوئٹہ (نمائندہ جسارت) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین و رکن قومی اسمبلی بلاول زرداری نے کہا ہے کہ جیالے کٹھ پتلی حکومت کو گھر بھیجیں گے، پیپلزپارٹی کا دور شروع ہونے والا ہے، ہماری آواز کو دبانے اور جدوجہد کو روکنے کی کوشش پی ٹی آئی حکومت کی بھول ہے۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو کوئٹہ میں ملک نور الدین کاکڑ کی سربراہی میں علاقائی اتحاد کونسل کو پاکستان پیپلز پارٹی میں ضم کرنے کے موقع پر منعقدہ جلسے سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کہی جلسے سے مولا بخش چانڈیو، پی پیکے صوبائی صدر حاجی علی مدد جتک، جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ، و دیگر نے خطاب بھی خطاب کیا۔ بلاول زرداری نے کہا کہ بلوچستان کے بہادر بھائی ہمیشہ پیپلز پارٹی کے ساتھ کھڑے رہے ہیں، بلوچستان کی تنظیم بھٹو ازم کے پیغام کو گھر گھر پھیلارہی ہے ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کا دور اب شروع ہونے والا ہے،ہم نے شہید بے نظیر بھٹو کے مشن کو مکمل کرنا ہے، عوام کورونا وائرس کی وجہ سے پریشانی سے دوچار ہیں، لیکن وفاقی کٹھ پتلی حکومت کو کوئی دلچسپی نہیں کہ وہ عوام کے مسائل حل کرے،وفاقی حکومت کی دلچسپی اپنے کٹھ پتلی راج کو برقرار رکھنا،نیب کو استعمال کرکے اپنے سیاسی مخالفین کو گرفتار کرانا،نیب کو استعمال کرکے میڈیا مالکان کو گرفتار کرانا ہے،ہماری آواز کو دبا کر ہماری جدوجہد کو روکنا ہے، ہماری آواز کو دبانے اور جدوجہد کو روکنے کی کوشش پی ٹی آئی حکومت کی بھول ہے،ہم ایوب، ضیا اور مشرف کی آمریت سے نہیں ڈرے، یہ کٹھ پتلی تو کوئی چیز نہیں ہیں،ان شاء اللہ تعالیٰ پیپلزپارٹی کے جیالے اس کٹھ پتلی کو گھر بھیج دیں گے اور عوامی حکومت بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں جلد بلوچستان آرہا ہوں اور یہاں کے عوام کے ساتھ کھڑا ہوکر مسائل کو وفاق کے سامنے رکھوں گا، پیپلز پارٹی نہ صرف بلوچستان بلکہ ملک بھر میں حکومت بنائے گی،ہم ایک عوامی حکومت بنائیں گے جو غریب کی خدمت کرے گی، انہوں نے کہا کہ پی پی پی وہ جماعت ہے جس نے بلوچستان کو سب سے زیادہ حقوق اور یہاں کے عوام کو سب سے زیادہ وسائل دیے ۔ بلاول زرداری نے مزید کہا کہ پاکستان کے غریب عوام اس ملک کے حقیقی وارث ہیں،بلوچستان والوں نے میری آواز اورمیرے بازو بننا ہے اور شہروں، گلیوں اور ہر جگہ میرا پیغام پہنچانا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں نورالدین کاکڑ اور ان کے ساتھیوں کو پی پی پی میں شمولیت پر خوش آمدید کہتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ وہ پارٹی پیغام گھر گھرپہنچائیں گے۔ اس موقع پر نورالدین کاکڑ نے علاقائی اتحاد کونسل کو پاکستان پیپلز پارٹی میں ضم کرتے ہوئے ہزاروں افراد کے ہمراہ پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔