نیب کا میڈیا مالکان کو ہراساں کرنا بدترین انتقامی کارروائی ہے،جاوید ہاشمی

151

جہانیاں(آن لائن) بزرگ سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ نیب کامیڈیا مالکان کو ہراساں کرنا بدترین انتقامی کارروائی ہے،شہباز شریف کو ملک میں واپس آناچاہیے تو عمران خان ملک میں ہوتے ہوئے بھی اسمبلی میں نہیں جاتے، بہاول پور صوبہ بنے گا نہ ہی سیکرٹریٹ بنے گایہ تو آدھا تیتر آدھا بٹیر بنا کر قوم کے سامنے پیش کر دیا گیا ،ملتان کی اپنی جغرافیائی اہمیت ہے اس غلط فیصلے سے ملتان کے ساتھ ناانصافی کی گئی، تحریک چلنے کا امکان ہے،مسائل حل کرنے کے بجائے بحران پیدا کر دیا گیا ہے،ملک کو بحرانستان بنا دیا گیا ہے،کبھی مہنگائی ،کبھی آٹے کا بحران ،کبھی چینی کا بحران،سیکرٹریٹ بنانے سے بہاول پور والے بھی خوش نہیں ہیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار نواحی علاقہ137دس آرمیں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ میرے سمیت متعدد سیاستدانوں پر میڈیا کوریج کی پابندی ہے ،حکومت اپنی ناکامیاں چھپانے کے لیے میڈیا مالکان کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنا رہی ہے،احتساب کے نام پر انتقامی کاروائیاں کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسمبلی اجلاس میں میاںشہباز شریف کی کمی محسوس کی جاتی ہے ہم سمجھتے ہیں کہ انہیں یہاں ہونا چاہیے لیکن دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان بھی اسمبلی نہیں جاتے ہیںہم شہباز شریف کو لے آئیں گے پہلے عمران خان کو تو اسمبلی میں لایا جائے ،ملک کے تمام وزرا اعظم اسمبلیوں میںکم یا زیادہ بیٹھتے رہے ہیں لیکن عمران خان پونے دو سال میں پونے دو گھنٹے بھی اسمبلی میںنہیں آیا نہ ہی انہوں نے سوالات کے جوابات دیے تھے جو کہ حکومت بنانے سے پہلے ان کا عوام سے وعدہ تھا۔