نثارکھوڑو بینظیر بھٹو چیئر‘کنونشن سینٹر کے تعمیراتی کام میں تاخیر پربرہم

174

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کی جامعات کے پروچانسلر و مشیر نثار کھوڑو نے جمعہ کو کراچی یونیورسٹی میں محترمہ بینظیر بھٹو چیئر اور کنونشن سینٹر کی زیر تعمیر عمارت کا دورہ کیا ، وائس چانسلر اور ڈائریکٹر ڈیولپمنٹ نے صوبائی مشیر کو بریفنگ دی۔نثار کھوڑو نے کراچی یونیورسٹی میں بینظیر بھٹو چیئر اور کنونشن سینٹر کی تعمیر کا کام دو سال سے بند ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے سوال کیا کہ بینظیر بھٹو چیئر اور کنونشن سینٹر کی یہ اسکیم 442 ملین روپے کی تھی جس کا کام جون 2016ء میں مکمل ہونا تھا اب تک کیوں مکمل نہیں کیا گیا ہے؟انہوںنے ہدایت کی کہ فوری طور پر نئے کنسلٹنٹ کی تقررکے لیے قانونی تقاضے پورے کیے جائیں۔ عمارت کی تعمیراتی منصوبے کے لیے نئے کنسلٹنٹ کے تقرر کے لیے رواں ماہ ہی اشتہار جاری کیا جائے ۔انہوںنے کہا کہ کراچی یونیورسٹی میں بے نظیر بھٹو چیئر اور کنونشن سینٹر کے تعمیراتی کام میں اب مزید تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔