راولپنڈی(آن لائن)وزیرریلوے شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ ذوالفقارعلی بھٹو گیٹ نمبر 4 کی پیداوار تھے، پیپلزپارٹی مناظرہ کرلے،ذوالفقار بھٹو سلیکٹڈ وزیراعظم تھے،شہبازشریف کی اپنی پارٹی ان کی واپسی کا مطالبہ کررہی ہے، شہباز شریف شرم کریں اپنی پارٹی کے کہنے پر اب واپس آجائیں راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشیدنیکہا کہ فاطمہ جناح یونیورسٹی بنائی تو مجھے وزارت سے استعفا دینا پڑا تھا،آج دوسری یونیورسٹی اس لیے باآسانی بنائی کہ وزیر اعظم اور وزیراعلیٰ میرے ساتھ ہیں،میں چاہتا ہوں جب مروں تو لوگ کہیں علم دوست شخص دنیا سے چلا گیا۔انہو ںنے کہا کہ گیس اورپیٹرولیم پر عمران خان جلد فیصلہ کرنے والے ہیں،لوگوں کو امید ہے کہ عمران خان ہی ان کے مسائل حل کریں گے، چینی چوروں کے گوداموں تک جایا جائے گا، چینی چوروں کا پتالگانے کے لیے فرانزک کی تیاریاں کی جارہی ہیں، جلد چینی چوروں کے گوداموں کا پتا چلایا جائے گا۔انہوں نے مزید کہاکہ( ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں،دونوں پارٹیوں میں کوئی نیا آجاتا ہے تو کہہ نہیں سکتا، اب تو شہبازشریف کی اپنی پارٹی ان کی واپسی کا مطالبہ کررہی ہے،شہباز شریف واپس نہ آئے تو (ن)لیگ میں مزید دراڑیں پڑیں گی، نواز شرف نے اپنی طبیعت سے متعلق میڈیا کو استعمال کیا ، نوازشریف این آر او لیتے رہے ہیں۔ایک سوال کے جو اب میں انہو ںنے کہا کہ آدھا مارچ گزر گیامولانا فضل الرحمن نے کال نہیں دی، مولانا فضل الرحمن احتجاج کی کال کی تاریخ نہیں دیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی رہنمائوں کو سنجیدہ نہیں لیتا،پیپلزپارٹی میں موجود ایک ایک شخص کو جانتاہوں،پیپلزپارٹی والے کیا باتیں کرتے ہیں ،ان کی سیاست کا مجھے علم ہے، اعتزاز احسن،مرتضیٰ وہاب،چانڈیو،قمرزمان کائرہ کی اہمیت نہیں، لطیف کھوسہ جیسے لوگوں کی پارٹی میں کیا حیثیت ہے۔انہوں نے کہاکہ کورونا وائرس کے باعث دنیا کی تمام ائرلائنز معاشی بدحالی کا شکار ہیں،کورونا وائرس کی وجہ سے ریلوے مسافروں میں کمی ہوئی ہے، بہت جلد اس حوالے سے ایک اجلا س بلا یا جا ئے گا اور آئندہ کی حکمت عملی پر بات کی جا ئے گی ۔