لبنان میں کورونا وائرس نے طبی عملے کے 10 ارکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
لبنانی میڈیا کے مطابق کورونا وائرس نے طبی عملے کے 10 ارکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے جبکہ حکومت نے اس مہلک وبا سے بچاؤ کیلئےمزید حفاظتی انتظامات کا اعلان کیا ہے۔
لبنان کی شیعہ اسلامی کونسل نے کورونا کی وجہ سے نماز جمعہ کے اجتماعات اور مساجد میں بہ جماعت نمازوں کی ادائی روکنے کا اعلان کیا ہے۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق لبنان کی جبل گورنری کے علاقے جبیل میں قائم ایک اسپتال کے عملے کے 10 ارکان میں کورونا وائرس کی موجودگی کی تصدیق کی گئی ہے۔ کورونا وائرس کا شکار ہونےوالے طبی عملے ارکان کی حالت فی الحال خطرے سے باہر ہے۔ تمام افراد اس سے قبل کورونا کا شکار ہونے والے عام مریضوں کی دیکھ بحال کررہے تھے۔ کورونا سے متاثرہ ڈاکٹرز کو میڈیکل نرسنگ ٹیم اور اسپتال کے دوسرے عملے سے الگ کر کے آئسولیشن وارڈ میں منتقل کردیاگیا ہے۔
دوسری جانب لبنانی وزیراعظم حسان دیاب نے کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظراٹلی جنوبی کوریا اور ایران کیلئےپروازیں منسوخ کردی ہیں جبکہ چین کیلئے لبنان پہلے ہی پروازیں منسوخ کرچکا ہے۔
گزشتہ روز لبنان میں کل کورونا وائرس کا شکار ہونے والا ایک اور مریض چل بسا جس کے بعد لبنان میں کورونا سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 2 ہوگئی ہے جبکہ متاثرہ کیسز کی تعداد 61 ہوگئی ہے۔