شاہ محمود کی انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کانوٹس لیا جائے،تاج حیدر

120

اسلام آباد (خبر ایجنسیاں) رہنما پاکستان پیپلز پارٹی سینیٹر تاج حیدر نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی پر الزام لگایا ہے کہ شاہ محمود قریشی نے صوبائی سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس52 میں اپنے مریدوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ارباب غلام رحیم کو ووٹ دیں۔ سینیٹر تاج حیدر نے الزام لگایا ہے کہ وزیرِ خارجہ نے انتخابات کے ضابطہ اخلاق کی کھلی خلاف ورزی کی ہے جسکا نوٹس لیا جانا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ ارباب غلام رحیم وہی شخص ہیں جنہوں نے جنرل مشرف کے دور میں شوکت عزیز کے لیے اس حلقے سے جعلی طور پر دو لاکھ ووٹ ڈلوا دیے تھے۔ سینیٹر تاج حیدر نے چیف الیکشن کمشنر کے نام ایک خط لکھ کر انہیں اس بات سے آگاہ کردیا ہے اور نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ارباب غلام رحیم نے پہلے جعلی ووٹ ڈلوائے تھے اور اب یوں لگتا ہے کہ ارباب غلام رحیم ایک مرتبہ پھر اس حلقے میں دھاندلی کی سونامی لے کر آنا چاہتے ہیں۔انہوں نے چیف الیکشن کمشنر سے استدعا کی کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لیں اور دھاندلی کو رکوائیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ الیکشن کمیشن نے حلقہ پی ایس 52 پر ضمنی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے 15 اپریل کو حلقے میں انتخابات کا اعلان کیا تھا، یہ نشست پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی علی مردان شاہ کے انتقال سے خالی ہوئی تھی۔