پیپلز پارٹی سندھ نے شاہ محمود قریشی کی نااہلی کا مطالبہ کر د یا

141

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی سندھ نے عمرکوٹ کے ضمنی انتخاب کے لیے انتخابی مہم کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی جانب سے وڈیو لنک کے ذریعے سون پور گائوں میں جلسے سے خطاب کو الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دیا ہے اور الیکشن کمیشن آف پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ عمرکوٹ میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے وڈیو لنک کے ذریعے انتخابی جلسے سے خطاب کا نوٹس لے کر انہیں نااہل کیا جائے۔یہ مطالبہ بدھ کوپاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے وزیراعلیٰ ہائوس میں ہونے والے اجلاس میں قراردادیں منظور کرکے کیا گیا۔ قراردادیں سیکرٹری اطلاعات عاجز دھامرا نے پیش کی۔ اجلاس پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو کی صدارت میں ہوا۔اجلاس میں نائب صدر منظور وسان ،راشد ربانی، جنرل سیکرٹری وقار مہدی، عاجز دھامرا،سسی پلیجو سمیت دیگر صوبائی عہدیداران ،اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی، صوبائی وزیراطلاعات سید ناصر شاہ،این ایم ایز، ایم پی ایز، سینیٹرز ڈویژن و اضلاع کے پارٹی عہدیداروں ،سندھ سے سی ای سی و فیڈرل کونسل کے ارکان نے شرکت کی۔اجلاس میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کی4اپریل کو41ویں برسی گڑھی خدابخش بھٹو میں منانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی صدر نثار کھوڑو نے کہا کہ4اپریل کو گڑھی خدابخش بھٹو میں شہید بھٹو کی برسی کابڑا جلسہ عام شام5بجے ہوگا،جلسے سے چیئرمین بلاول زرداری و دیگر قائدین خطاب کریں گے۔