اسلام آباد،کوئٹہ(صباح نیوز+اے پی پی)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شکر پڑیاں کے قریب پاک فضائیہ کا ایف16طیارہ گر کرتباہ جبکہ پائلٹ شہید ہو گیا ، حادثے کی تحقیقات کے لیے بورڈ آف انکوائری تشکیل دے دی گئی۔ترجمان پاک فضائیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بدھ کوپاک فضائیہ کا ایف 16 طیارہ شکرپڑیاں کے قریب گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں ونگ کمانڈر نعمان اکرم شہید ہو گئے ، طیارہ 23 مارچ یوم پاکستان پریڈ کی ریہرسل میں مصروف تھا جب کہ ائر ہیڈکوارٹرز نے حادثے کی تحقیقات کے لیے بورڈ آف انکوائری تشکیل دے دی جو حادثے کی وجوہات معلوم کرے گی ۔دوران پرواز ایف 16 طیارے کا رخ اچانک زمین کی طرف ہوا اور گرکر تباہ ہوگیا، طیارہ گرنے کے بعد آگ کے شعلے اور دھوئیں کے بادل دور دور تک اٹھتے دکھائی دیے ۔حادثے کے فوری بعدسیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ ڈاکٹرز، طبی عملہ، فائر بریگیڈ گاڑیاں اور ایمبولینسز جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ علاوہ ازیں شہید ہونے والے ونگ کمانڈر نعمان اکرم نے ایک انٹرویو میں قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا تھا کہ ملک کو جب بھی ضرورت پڑی وہ جان کا نذرانہ دینے سے گریز نہیں کریں گے۔قبل ازیںصدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان،سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر راجا محمد ظفر الحق ، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و قائد حزب اختلاف شہبازشریف،وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا،وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان، جمعیت علمائے اسلام (ف )کے سربراہ مولانا فضل الرحمن، پاکستان میں تعینات امریکی سفیر پال ڈبلیو جونز ،وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے رہنماؤں مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر،مولانا انوار الحق،مولانا مفتی محمد رفیع عثمانی، مولانا محمد حنیف جالندھری و دیگر نے طیارہ حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ان رہنمائوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی شہید کے خاندان کو صبر جمیل عطا کرے۔دوسری جانب آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمرجاوید باجوہ نے شہید ونگ کمانڈر نعمان اکرم کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی شہید کے خاندان کو صبر جمیل عطا کرے،غمزدہ خاندان کے ساتھ برابر کے شریک ہیں ۔ آرمی چیف نے کہا کہ ونگ کمانڈر نعمان اکرم فرض کی ادائیگی کے دوران شہید ہوئے، دفاع وطن کے لیے جان دینا بہترین فریضہ ہے،اپنی زندگی مادروطن پر قربان کرنے سے بڑی کوئی قربانی نہیں ہوتی۔