سکھر (نمائندہ جسارت) ٹڈی دل کی کھوج لگانے کے سلسلے میں جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ای لوکسٹ3، (E-locust3 )کے نام سے ایپ متعارف کرائی گئی ہے ، جس سے محکمہ زراعت کے فیلڈ اسٹاف اور افسران کو ٹڈی دل کی نشاندہی میں خصوصی مدد ملے گی ۔ڈائریکٹر ایگریکلچرل ایکسٹینشن سکھر ڈویژن رسول بخش جونیجو کی جانب سے جاری کردہ ایک اعلامیہ کے مطابق اس ای لوکسٹ ایپلیکیشن کے حوالے سے آگاہی اور معلومات کی فراہمی کے سلسلے میں ڈائریکٹر ایگریکلچرل ایکسٹینشن آفس سکھر میں فوڈ اینڈ ایگریکلچرل آرگنائزیشن (ایف اے او) کی جانب سے ایک روزہ تربیتی نشست کا اہتمام کیا گیا، جس میں فیلڈ اسٹاف کو ایپلیکیشن اور ٹڈی دل کی صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔ ایف اے او کی جانب سے محمد افضل نے تربیتی پروگرام کے شرکا کو ٹڈی دل کی گلوبل پوزیشن اور مقامی سطح کے معاملات کے حوالے سے معلومات فراہم کی اور ای لوکسٹ 3 ایپلیکیشن کے استعمال کے بارے میں بھی بتایا۔ ڈائریکٹر ایگریکلچر ایکسٹینشن ضلع سکھر رسول بخش جونیجو ٹڈل دل کے خاتمے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات اور مستقبل کی حکمت عملی کے حوالے سے آگاہی دینگے ۔ تربیتی پروگرام میں ایڈیشنل ڈائریکٹر ایگریکلچرل ایکسٹینشن سکھر ڈویژن عبدالقادر دایو، ڈپٹی ڈائریکٹر محمد حسین اجن، اسداللہ بھٹو، عمران یاسین، ممتاز علی ملک اور آصف صدیقی سمیت محکمہ زراعت کے افسران اور فیلڈ اسسٹنٹس نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی جبکہ ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان (بی سی آئی) ٹیم کوآرڈینیٹر سکھر فدا حسین منگی بھی شریک تھے۔ اس موقع پر ڈائریکٹوریٹ آف فیڈرل پلانٹ پروٹیکشن پاکستان کے نمائندے محمد علی درس نے اپنی قیمتی رائے سے آگاہ کیا اور محکمہ ایگریکلچرل ایکسٹینشن ضلع سکھر کی جانب سے لیے گئے اقدامات کوسراہا۔