اسلام آباد (صباح نیوز) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ہم مقدمات سے نہیں گھبراتے، نیب کو آج بھی کہتا ہوں کہ عوام کو براہ راست دکھائیں کہ کونسی کرپشن ہوئی۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال کے اعزاز میں مسلم لیگ(ن) کہوٹہ کی جانب سے استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ جس سے خطاب کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ موجودہ ملکی حالات پر ہم سب کو تشویش ہے۔ 18 ماہ میں ایسا کیا ہوا کہ ہر شخص پریشان ہے؟ آٹا چینی کہاں گئی؟ اس موقع پر احسن اقبال نے حکومت کوآڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی پٹاری میں جھوٹ اور حسد ہے۔ وزیراعظم اور وزرا اناڑی ہیں۔ کوئی وزیراعظم نہیں کہتا کہ اس کے وزرا مارکیٹ میں بیٹھ کر گپیں مارتے ہیں۔ کوہسار مارکیٹ میں بیٹھ کر یہ لوگ ملک کے سودے کرتے ہیں۔