اسلام آباد (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت کے جدید معاشی و سماجی اقدامات کے باعث ملک درست سمت پر گامزن ہے، حکومت کی معاشی اور سماجی پالیسیوں کا مقصد عوام کی فلاح و بہبود ہے۔ یہ بات انہوں نے وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے منگل کو ان سے وزارت خارجہ میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ملک کی معاشی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بین الاقوامی سیاسی صورت حال اور خطے کے حالات کے پیش نظر ملک میں کاروباری اور سرمایہ کاری کے مواقع پر بھی گفتگو ہوئی۔