نوابشاہ ، بجلی کاٹنے پر ایس ڈی اوواپڈا سمیت دو لائن مین گرفتار

546

 

نوابشاہ (بیورو رپورٹ) غیر قانونی بجلی کاٹنے پر جج نے واپڈا کے ایس ڈی او سمیت دو لائن مینوں کو ہتھکڑیاں لگوا کر پولیس کے حوالے کردیا، تیس ہزار روپے ضمانتی مچلکوں پررہائی، بجلی چوروں کیخلاف کارروائی کرتا رہوں گا، ایس ڈی او، افسران کی گرفتاری پر واپڈا ملازمین آپے سے باہر ہوگئے، ججوں کو سنگین نتائج کی دھمکیاں، قومی شاہراہ پر احتجاج، ضلع بھر کی بجلی بند کرنے کی دھمکی۔ قاضی احمد کے زمیندار اشفاق انڑ نے سول جج و جوڈیشل مجسٹریٹ قاضی احمد ون کی عدالت میں واپڈا کے ایس ڈی او مجیب سال اور لائن مینوں امان زمان چانڈیو، بلال آرائیں کیخلاف ڈائریکٹ درخواست داخل کرائی تھی کہ واپڈا نے بلاجواز میری بجلی کاٹ دی ہے، جس پر عدالت نے واپڈا افسران کو طلب کیا تھا، عدالت کو مطمئن نہ کرنے پر سول جج نے بھری عدالت میں ایس ڈی او قاضی احمد مجیب سیال اور لائن مین زمان چانڈیو اور بلال آرائیں کو ہتھکڑیاں لگا کر پولیس کے حوالے کردیا۔ واپڈا افسران کی گرفتاری کیخلاف حسیکو ملازمین سڑکوں پر نکال آئے اور قومی شاہراہ پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر حسیکو قاضی احمد یونین کے چیئرمین رمضان راہو نے ججوں کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے ایس ڈی او اور ملازمین پر جھوٹے کیس داخل کیے گئے ہیں، جس کی ہم مذمت کرتے ہیں جو سلوک جج نے کیا ہے اس کی ہم پر زور مذمت کرتے ہیں۔ آئندہ ایسا رویہ اختیار کیا گیا تو ہم اپنے احتجاج کا دائرہ وسیع کریں گے اور ضلع بھر کی بجلی بند کرنے کی دھمکی دی۔ بعد ازاں سول جج نے تیس ہزار روپے کے ضمانتی مچلکوں پر واپڈا فسران کی ضمانت منظور کرتے ہوئے 18مارچ کو دوبارہ پیش ہونے کا حکم دیا۔ رہائی کے بعد ایس ڈی او واپڈ مجیب سیال کا کہنا تھا کہ میں بجلی چوروں کیخلاف کارروائی کرتا رہوں گا۔ بجلی چور مختلف حربے استعمال کرکے ہمیں ہراساں کرنا چاہتے ہیں، آپریشن بلاتفریق جارہی رہے گا۔