لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود احمد بنگش کی ہدایات پر لاڑکانہ پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اشتہاری، روپوش و مطلوب 8 ملزمان کو گرفتار کرکے چوری شدہ رکشا، موٹرسائیکل اور بکریاں برآمد کرکے مقدمات درج کرلیے ہیں۔تفصیلات کے مطابق نوڈیرو پولیس نے اشتہاری ملزم خالد کھکھرانی کو، آریجا پولیس نے روپوش ملزم اعظم عمرانی کو، ہوٹل آئی منیجمنٹ کے ذریعے ضلع تھرپارکر کے تھانہ چھاچھرو پر روپوش ملزم اختیار کو، دہامراہ پولیس نے روپوش تین ملزمان امداد شیخ، سجاد شیخ اور عبدالحق شیخ کو، گڑہی خدابخش بھٹو پولیس نے سنگین نوعیت کے مقدمے میں مطلوب دو ملزمان ندیم جروار اور نثار جروار کو، رتوڈیرو پولیس نے شہری الطاف جلبانی کی چوری شدہ موٹرسائیکل، ماہوٹا پولیس نے سکھر شہر سے غلام عباس خاصخیلی کا چوری شدہ رکشا اور رشید وگن پولیس نے نورمحمد بروہی کی چوری شدہ بکریاں برآمد کرکے مالک کے حوالے کردی ہیں۔پولیس کے مطابق گرفتار تمام ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔ دوسری جانب لاڑکانہ کی تحصیل باقرانی کے گاؤں مڈباہو میں 20 سالہ نوجوان یاسر علی چانڈیو کی جانب سے مبینہ طور پر نشہ آور گولیاں کھانے کے بعد نوجوان کی حالت غیر ہوگئی جسے اہل خانہ نے تشویشناک حالت میں چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا جہاں دوران علاج نوجوان دم توڑگیا۔ دوسری جانب ضروری کارروائی کے بعد نوجوان کی لاش ورثا کے حوالے کردی گئی جبکہ لاش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔