ٹھٹہ :جھونپڑی سے خاتون اور4 کمسن بیٹیوں کی نعشیں برآمد

491

ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) ٹھٹھہ کے علاقے جھمپیر ٹائون میں جھونپڑی سے خاتون اور 4کمسن بیٹیوں کی نعشیں ملی ہیں، جنہیں پوسٹ مارٹم کے لیے مَکلی کے سول اسپتال منتقل کردیا گیا، موت گلہ گھونٹنے سے واقع ہوئی، نشانات موجود ہیں،ضلعی حکام کے مطابق 42 سالہ خاتون اور ان کے 4 کم سن بیٹوں کی لاشیں گاؤں کولمبیا فارم کی ایک جھونپڑی سے ملیں۔پولیس نے لاشوں کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے مَکلی کے سول اسپتال منتقل کیا۔ سول اسپتال کے عہدیدار ڈاکٹر سکندر شاہ نے کہا کہ وہ اموات کی اصل وجہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔دوسری جانب پوسٹ مارٹم کرنے والے ڈاکٹر گَیان چند کا کہنا تھا کہ ابتدائی رپورٹس سے معلوم ہوتا ہے کہ متوفی گلا گھونٹے جانے کے باعث ہلاک ہوئے کیونکہ ان کے گلے پر نشانات موجود تھے۔وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے انسانی حقوق ایڈووکیٹ ویرجی کولہی کا ڈان ڈاٹ کام سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ خاتون نے اپنے بچوں کو کوئی زہریلی چیز کھلا کر خودکشی کرلی۔انہوں نے کہا کہ ’’پولیس حکام کو متاثرہ خاتون کی آواز کی ریکارڈنگ ملی ہے جس میں وہ کہہ رہی ہیں کہ بیٹی کے سسرال کی طرف سے دھمکی کے بعد وہ اپنی اور اپنے کم سن بیٹوں کی زندگی کا خاتمہ کرنے جارہی ہیں‘‘۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ایس ایس پی ٹھٹھہ کو متاثرہ خاتون کو دھمکی دینے والوں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی ہدایت کی تھی تاہم انہوں نے اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ ویرجی کولہی نے کہا کہ اب دھمکی دینے والوں کے خلاف مقدمہ متوفی کی والدہ کی مدعیت میں درج کیا جائے گا۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ٹھٹھہ سہائے تالپور نے کہا کہ خاتون نے اپنی جان لینے سے قبل اپنے بیٹوں کو کوئی زہریلی چیز کھلائی۔ ان کا کہنا تھا کہ زہریلے مواد سے بھی جب بچوں کی موت واقع نہ ہوئی تو خاتون نے ان کا گلا دبا کر بھی ان کی زندگی کا خاتمہ کرنے کی کوشش کی۔ ڈی ایس پی جِھرک اصغر جٹ نے کہا کہ حکام مختلف زاویوں سے واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں اس لیے فی الوقت اس سے متعلق کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ’’پوسٹ مارٹم رپورٹ کی روشنی میں واقعے کی جامع تحقیقات کی جائے گی۔‘‘