نیب نے ملک کو مفلوج اور معیشت تباہ کردی ، اسے ختم کردیں ، شاہد خاقان

214

 

اسلام آباد (خبر ایجنسیاں) مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ 6 ماہ گزر گئے‘ نیب چارجز ثابت نہیں کر سکا ہے‘ یہ نیب کے پرانے تماشے ہیں‘ اسے ختم کردیں گے۔ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے اسلام آباد احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران نیب پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے ترمیمی آرڈیننس کے بعد اختیارات کے غلط استعمال کا الزام ختم ہوچکا ہے‘ میرے دوستوں اور رشتے داروں پر نیب والے دبائو ڈالتے ہیں کہ ان کے اثاثے شاہد خاقان کے ہیں‘ صرف پولیٹیکل انجینئرنگ کے لیے نیب کو استعمال کیا جا رہا ہے‘ نیب نے ملک کو مفلوج، معیشت کو تباہ کر دیا ہے۔انہوں نے کہا
کہ شاہ محمود قریشی کشمیر پر ہمیں جواب دیں‘ شہباز شریف جلد واپس آئیں گے‘نواز شریف کی واپسی کے لیے برطانیہ کو لکھے گئے خط کا کوئی سفارتی جواز نہیں۔ دریں اثنا احتساب عدالت نے ایل این جی ریفرنس کی سماعت یکم اپریل تک ملتوی کر دی ہے۔ پیر کو احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے کیس کی سماعت کی۔ ایل این جی کیس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی عدالت میں پیش ہوئے۔ دوران سماعت نیب کے تفتیشی افسر نے ریفرنس میں مفرور ملزم سابق ایم ڈی پی ایس او شاہد مظفر الاسلام سے متعلق رپورٹ پیش کی، عدالت کو بتایا گیا ہے کہ شاہد مظفر الاسلام کے ناقابل ضمانت وارنٹس کی دوبارہ تعمیل کی کوشش کی گئی لیکن وہ اپنے کسی بھی پتے پر موجود نہیں۔ عدالت سے استدعا کی گئی کہ شاہد مظفر الاسلام کو باضابطہ طور پر اشتہاری قراردیا جائے۔ شاہد خاقان عباسی کے وکیل نے کہا کہ نیب کی جانب سے ابھی تک ضمنی ریفرنس عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔ عدالتی استفسار پر نیب کے پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ضمنی ریفرنس کی تیاری حتمی مراحل میں ہے جسے آئندہ سماعت تک دائر کر دیں گے۔