راولپنڈی،اسلام آ باد(اے پی پی) سیکورٹی فورسز نے ڈی آئی خان میں دہشت گردی کی بڑی کارروائی کو ناکام بنا دیا، فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے کرنل مجیب الرحمن شہید ہوگئے اور2 دہشت گرد مارے گئے۔ صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے کرنل مجیب الرحمن کو خراج عقیدت پیش کیاہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردی کی کارروائی کی منصوبہ بندی کے بارے میں مصدقہ معلومات پر سیکورٹی فورسز نے ڈی آئی خان ٹانککے قریب دہشت گردوںکی خفیہ پناہ گاہ کو جیسے ہی گھیرے میں لیا، دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کردی،آپریشن کے دوران2دہشت گرد ہلاک ہوگئے، فائرنگ کے تبادلے میں کرنل مجیب الرحمن شہید ہوگئے۔آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے سے اسلحہ اور گولہ بارود کا ایک بڑا ذخیرہ برآمد ہوا۔ کرنل مجیب الرحمن شہید کا تعلق استور
کے علاقے بونجی سے تھا، شہید کرنل مجیب الرحمن کے پسماندگان میں بیوہ ،3 بیٹے اور ایک بیٹی ہیں۔علاوہ ازیں پیر کوایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے جام شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے افسر کرنل مجیب الرحمن کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔صدرمملکت نے کرنل مجیب الرحمن شہید کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے لازوال قربانیاں دے کر ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اس ناسور کے خلاف جنگ میں متحد اور پر عزم ہے۔دوسری جانب وزیر اعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے ڈی آئی خان ٹانک میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم افواج پاکستان اور سیکورٹی اداروں کی قربانیوں کی معترف ہے ۔ وزیر اعظم نے دہشت گردوں کے مذموم مقاصد کو ناکام کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے کرنل مجیب الرحمن کو خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ قوم افواج پاکستان اور سیکورٹی اداروں کی قربانیوں کی معترف ہے،سیکورٹی فورسز کی بے مثال قربانیوں کے باعث دہشت گردی کا خاتمہ ہوا اور امن کی شمع روشن ہوئی ۔وزیر اعظم نے شہید کرنل مجیب الرحمن کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی۔