گلگت/صادق آباد( آن لائن /صباح نیوز/مانیٹرنگ ڈیسک) روندوکے قریب مورڑ کاٹتے ہوئے کوسٹر گہری کھائی میں جا گری،کوسٹر میں سوار 26 افراد جاں بحق ہوگئے۔ترجمان گلگت بلتستان حکومت نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کوسٹر راولپنڈی سے اسکردو جارہی تھی کہ روندو کے مقام پر گہری کھائی میں جاگری جس میں سوار 26 افراد جاں بحق ہوگئے۔افسوسناک حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی تلاش کیلیے امدادی
کارروائیاں جاری ہیں،پاک فوج، پولیس اور ریسکیو اہلکار امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں، 10 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جن کی نماز جنازہ کمبائنڈ ملٹری ہاسپٹل (سی ایم ایچ) اسکردو میں اداکرنے کے بعد میتیں ان کے آبائی علاقوں کی طرف روانہ کردی گئی ہیں،16 افراد کی لاشیں نکالنے کیلیے امدادی کارروائیاں جار ی ہیں، فورس کمانڈر گلگت بلتستان میجر جنرل احسان محمود نے امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔ترجمان کے مطابق مسافر کوسٹر جس مقام پر گری وہاں قریب ہی دریائے سندھ بہتا ہے البتہ دریا میں پانی انتہائی کم ہونے کی وجہ سے کوسٹر کے ڈوبنے کا خدشہ نہیں، واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں نے لاشوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا ہے ۔علاوہ ازیں صادق آباد بھونگ کے قریب ملتان سکھر موٹر وے پر تیز رفتار کار ٹرک سے ٹکراگئی جس کے نتیجے میں3 افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ 2 شدید زخمی ہوگئے ، لاشوں اور زخمیوں کو شیخ زایداسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ کار میں سوار افراد سرگودھا سے کراچی جا رہے تھے۔