گلگت بلتستان میں مسافر کوسٹر گہری کھائی میں گرنے کے نتیجے میں 20 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ترجمان گلگت بلتستان حکومت کے مطابق حادثہ روندو کے مقام پرپیش آیا جہاں مسافر کوسٹر بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری، جس مقام پر کوسٹر گری وہاں قریب ہی دریائے سندھ بہتا ہےالبتہ دریا میں پانی انتہائی کم ہونے کی وجہ سے کوسٹر ڈوبنے کا خدشہ نہیں ہے۔
حادثے میں 20 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی گئی ہے جب کہ 5 افراد شدید زخمی ہیں، میتوں اور زخمیوں کو نکال کر مقامی اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ کوسٹر راولپنڈی سے اسکردو جارہی تھی جس میں 25 افراد سوار تھے۔جائے حادثہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں جس میں ریسکیو ٹیمیں اور مقامی پولیس کے ساتھ ساتھ انتظامیہ کے افراد حصہ لے رہے ہیں۔