تحریک انصاف کی حکومت کو وراثت میں مشکل معاشی حالات ملے،بلاول بھٹو

520

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہناہےکہ تحریک انصاف کی حکومت کو وراثت میں مشکل معاشی حالات ملے لیکن اب معاشی حالات اور برے ہو چکے ہیں۔

لاہور میں معاشی بحران اور اس کے حل کے موضوع پر سمینار سے خطاب کرتے ہوئے بلاول زرداری بھٹو نے کہا کہ حکومت کی نالائقی کا نقصان عوام اٹھا رہی ہے،ہمیں اپنے مقامی ایکسپورٹرز کی بات سننے کی ضرورت ہے کیونکہ باہر سے آنے والے ایکسپورٹرزکو معلوم نہیں کہ پاکستانی معیشت کی حقیقت کیاہے، جب آپ کو حقیقت معلوم نہ ہو تو مسائل کا حل نکلنا مشکل ہو جاتاہے ۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے معیشت پر پہلے ہی کہا تھا کہ پاکستان تنزلی کی جانب جا رہا ہے اور مسلم لیگ کی بھی مخالفت کی تھی کیونکہ ہمیں2008 میں معلوم تھا کہ معیشت تباہی کی طرف جا رہا ہے اور معاشی صورتحال مشکل میں ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ اسحاق ڈار اور مسلم لیگ ن کے لوگ جو بات کرتے تھے وہ سچ نہیں تھی، جانتے ہیں تحریک انصاف کی حکومت کو وراثت میں مشکل معاشی حالات ملے لیکن اب معاشی حالات اور برے ہو چکے ہیں حکومت نے اپنے استحکام کیلئے ایسے اقدامات کئے ہیں جس سے ملکی معاشی استحکام کو نقصان پہنچا۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کے پاس معاشی صورتحال کےمقابلے میں پلان نہیں تھا، فیصلے نہ کرنا،گھبراہٹ کا شکار ہونا،معیشت کیلئے خطرناک ہوا ہے اور معیشت کے بحران پر ہمارے حکمران کنفیوژ ہیں۔

چیئر مین پیپلز پارٹی نے کہا کہ  معاشی صورتحال پہلے سے بہت زیادہ خراب ہوچکی ہے اور اگر حکومت نے معاشی حالات جاننا ہے تو عوام سے پوچھ لے کہ ملک میں مہنگائی ،بے روزگاری اور غربت بڑھی ہے کہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اور ان کی ٹیم کا پہلا فیصلہ آئی ایم ایف نہ جانے کا تھا اور حکومت نے پاکستان کے دوست ممالک پر زیادہ انحصار کیا،آئی ایم ایف جانے سے پہلے حکومت نے روپے کی قدر کم کی، حکومت کو معلوم ہی نہ تھا کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات کیسے کرنے ہیں،آئی ایم ایف جا کر ان کے سارے مطالبات مان لئے گئے ۔

 بلاول زرداری نے کہا کہ آج ملک میں مہنگائی کی وجہ سے عوام کیلئے بچوں کو اسکول بھیجنا اور بزرگوں کا علاج کرنا مشکل ہوگیاہے۔