لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) عالمی یوم خواتین کے موقع پر لاڑکانہ کے قریب تھانہ تعلقہ کی حد گاؤں نبی داد عمرانی میں 6 بچوں کی والدہ 40 سالہ خاتون اشرف عمرانی نے شوہر کی جانب سے مبینہ طور پر دوسری شادی کرنے کی بات پر پھندہ لگاکر گھر کے کمرے میں خودکشی کرلی، اطلاع پر حد کے تھانہ کی پولیس نے پہنچ کر خاتون کی لاش چانڈکا اسپتال منتقل کردی جہاں ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی گئی۔ میڈیا کے نمائندوں کی جانب سے ورثا سے ان کا مؤقف جاننے کی کوشش کی گئی تاہم انہوں نے انکار کردیا۔ پولیس کے مطابق ورثا نے خاتون اشرف کی خودکشی کی وجہ شوہر کی جانب سے دوسری شادی بتائی ہے، تاہم اس کے باوجود معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔ دوسری جانب خاتون کی لاش گھر پہنچادی گئی جہاں لاش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔ لاڑکانہ شہر کے تھانہ سول لائن کی حد نیو بس اسٹینڈ کے علاقے میں تیز رفتار ٹریکٹر کی ٹکر سے 8 سالہ بچہ سجاد میرانی شدید زخمی ہوگیا، حادثے کے بعد ڈرائیور فرار ہوگیا، اطلاع پر حد کے تھانے کی پولیس نے پہنچ کر ٹریکٹر تحویل میں لیتے ہوئے زخمی بچے کو تشویش ناک حالت میں چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کردیا، جہاں زخموں کے تاب نہ لاتے ہوئے سجاد میرانی دم توڑگیا۔ ورثا کے مطابق سجاد رائس کینال سے مٹی لے کر گھر آرہا تھا کہ روڈ پر تیز رفتار ٹریکٹر کی ٹکر سے شدید زخمی ہوا، جسے اسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکا۔