ملتان سلطانز نے پلے آف کیلئے کوالیفائی کرلیا

346

راولپنڈی(نمائندہ خصوصیء)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل )فائیو کے 22ویں میچ میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 9 وکٹوں سے شکست دیکر پلے آف کیلییکوالیفائی کرلیا۔ بارش سے متاثرہ میچ میں ملتان سلطانز نے9اوورز میں92رنز کا ہدف 14 گیندیں قبل محض ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا ۔ بارش اور آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کے باعث میچ کا آغاز مقررہ وقت سے تقریبا سوا2گھنٹے تاخیر سے ہوا، دونوں ٹیموں کے درمیان میچ بارش کے باعث 9 اوورز تک محدود کردیا گیا تھا۔میچ میں شاندار نصف سنچری اسکور کرنے پر جیمز ونس کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو اسلام آباد یونائیٹڈ کے اوپنر کولن منرو کے علاوہ کوئی بلے باز بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکا اور وقفے وقفے سے آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹتا رہا۔ اوپنر لیوک رونکی 18 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوکر پویلین واپس پہنچے تو کولن منرو نے کپتان شاداب خان کے ہمراہ 31 رنز کی شراکت قائم کی جو اسلام آباد یونائیٹڈ کی اننگز کی سب سے طویل شراکت داری تھی۔ کولن منرو 25 اور شاداب خان 14 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ دونوں کھلاڑیوں کو اسپنر عمران طاہر نے آؤٹ کیا۔ابتدائی تین بلے بازوں کے علاوہ اسلام آباد یونائیٹڈ کا کوئی بلے باز بھی ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکا اور مقررہ 9 اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 91 رنز ہی بنائے جاسکے۔ کولن انگرام 6، آصف علی 4، رضوان حسین7 اور عماد بٹ 8 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔عمران طاہر اور جنید خان نے 2،2 جبکہ معین علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کے اوپنر جیمز ونس نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے محض 20 گیندوں پر نصف سنچری بناکر میچ میں گرفت مضبوط کرلی۔ انہوں نے ذیشان اشرف کے ہمراہ 68رنز کی ابتدائی شراکت قائم کی۔ذیشان اشرف16رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ تیسرے نمبر پر میدان میں اترنے والے معین علی نے جیمز ونس کے ہمراہ 26 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کرکے ٹیم کو فتح دلادی۔ جیمز ونس 61 اور معین علی 14 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ملتان سلطانز نے مطلوبہ ہدف ساتویں اوور کی چوتھی گیند پر ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔میچ میں شاندار نصف سنچری اسکور کرنے پر جیمز ونس کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ملتان سلطانز کی ٹیم 11 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر براجمان ہے جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 7 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔