عورت کی اچھی تعلیم اور معاشی اختیار کے بغیر ترقی ممکن نہیں ، شہباز شریف

402

 

لندن(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدراور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ماں کے قدموں میں جنت رکھ کر اللہ تعالی نے عورت کے احترام کو واضح کردیا، عورت کی تعلیم، اچھی صحت اور معاشی طور پر بااختیار ہونا کسی بھی معاشرے کی ترقی و خوشحالی کی ضمانت ہے ۔ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ خواتین کے بغیر زندگی نامکمل اور تصویر کائنات بے رنگ ہے،ماں،بہن،بیٹی،بیوی کی صورت میں خواتین کی موجودگی سے ہی انسانی رشتے ناطے وجود میں آتے ہیں،اللہ تعالی نے عورت کو ماں کی صورت اپنے تعارف کا ذریعہ بنایا
ہے،اسلام نے عورت کو بے پناہ عزت اور حقوق عطا کیے ہیں، ماں کے قدموں کے نیچے جنت رکھ کر اللہ نے عورت کے مقام اور احترام کو واضح کردیا ہے،آقائے محترم حضرت محمد ﷺنے خواتین کی عزت و احترام کا ہمیں بہترین نمونہ اور رہنمائی عطا فرمائی ہے، امہات المومنین، حضرت فاطمہ الزہرا اور اہل بیت اطہار ہمارے لیے رہنمائی کی بہترین مثالیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین نے تحریک پاکستان میں نے ناقابل فراموش کردار ادا کیا،مادرملت محترمہ فاطمہ جناح کے ہمراہ خواتین کا کردار تاریخ میں سنہری حروف سے درج ہے،الحمداللہ آج ہماری خواتین زندگی کے ہر شعبے میں اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔ دفاع سے تجارت، تعلیم وطب سے لے کر سائنس و ٹیکنالوجی اور صحافت تک ہر شعبے میں خواتین اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوارہی ہیں، ہم خوش قسمت ہیں کہ ہماری نصف سے زاید آبادی خواتین پر مشتمل ہے۔ا نہوں نے مزید کہا کہ میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن)نے ہمیشہ خواتین کے حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لیے موثر اقدامات کیے ہیں۔