نوازشریف صحت مند ہونے کے بعد ہی واپس آئیں گے‘ مریم اورنگزیب

180

لاہور(نمائندہ جسارت)پاکستان مسلم لیگ( ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نوازشریف علاج مکمل کرکے اور صحت مند ہونے کے بعد ہی واپس آئیں گے‘ آٹا،چینی چورحکومت اپنی کرپشن سے توجہ ہٹانے کے لیے ایسے اوچھے اقدامات کرتی ہے، حکومتی جھوٹ سے سچ چھپ نہیں سکتا‘کرپٹ ٹولے کی کل کارکردگی نوازشریف کی صحت پر سیاست کرنا ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی صحت پرسیاست کرنے والی کم ظرف حکومت سیاسی انتقام میں حواس کھوچکی ہے،نوازشریف کے خلاف عدالت میں کم ظرف حکومت کی درخواست کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف عدالت کے فیصلے کے مطابق ملک سے باہر گئے، عدالت اور قانون کے مطابق نوازشریف کی تمام میڈیکل رپورٹس جمع ہیں ،فیصلے میں واضح لکھا ہے کہ نوازشریف علاج تک بیرون ملک رہ سکتے ہیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف کی صحت سے متعلق عدالت سے رجوع کرنے کے حوالے سے پارٹی کی مشاورت جاری ہے۔