کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس یرموک نے ترک بحریہ کے ساتھ خیر سگالی اور باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لئے ترکی کی بندرگاہ( گلچک) کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس یرموک کے کمانڈنگ آفیسر نے ترک بحریہ کے اہم حکام سے ملاقات کی اور اس موقع پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مسلح افواج کے مظالم کو اجاگر کیا۔گل چک کی بندرگاہ آمد پر ترکی کے حکام کی جانب سے پاک بحریہ کے جہاز کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ کمانڈنگ آفیسر نے ترک بحریہ کے سینئر نیول فلیٹ کمانڈرز اور گلچک شہر کے میئر سے ملاقات کی۔ ملاقاتوں کے دوران مشن کمانڈر نے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی کی جانب سے بالعموم ترکی کی عوام اور بالخصوص ترک بحریہ کے لیے نیک تمناوں کا اظہار کیا۔دونوں ممالک کے حکام نے برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے اور مختلف شعبہ جات میں باہمی تعاون کو بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
خطے میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک بحریہ کی قربانیوں اور سمندری تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے پاک بحریہ کے کردار کو بھی اجاگر کیا گیا۔ پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس یرموک پر اعزازی عشائیہ بھی دیا گیا۔ فلیٹ کمانڈر ترک بحریہ ، وائس ایڈمرل ارکومنٹ ٹیلیگلو نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر ترک بحریہ کے سینئر افسران، سفارتی اور مقامی کمیونٹی کے نمائندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر مشن کمانڈر نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت ، کشمیریوں کی حالت زار اور کشمیریوں کی حق و انصاف کی جدودجہد میں پاکستان کی مسلسل حمایت کے بارے میں معزز شخصیات کو آگاہ کیا۔پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس یرموک جدید ترین الیکٹرونک وارفیئر، اینٹی شپ اور اینٹی ائیر وارفئیر نظام سے لیس ہے جو حالیہ دنوں رومانیہ کی بندرگاہ کونسٹانٹا پر کمیشن ہوا۔ پاک بحریہ کے جہاز کا وطن واپسی کے دوران مختلف بندرگاہوں کے دورے کا مقصد دوستانہ تعلقات کو مستحکم کرنا اور میزبان ممالک کے ساتھ باہمی روابط استوار کرنا ہے۔