سڑکیں بنانا اراکین پارلیمنٹ کا کام نہیں‘ چیف جسٹس بلوچستان

211

ڈیرہ اللہ یار (آن لائن) چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا ہے کہ سڑکیں بنانا اراکین پارلیمنٹ کا کام نہیں، یونین کونسل کے کام چھوڑ کر ایوان میں قانون سازی کریں اور مسائل حل کروائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق رکن اسمبلی میر فائق علی خان جمالی کے صوبائی رکن اسمبلی فنڈز سے ڈسٹرکٹ بار کی نئی تعمیر ہونے والی عمارت کا افتتاح کرنے کے بعد وکلا کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا کہ ارکین پارلیمنٹ کاکام سڑکیں اور نالی بنانا نہیں بلکہ پارلیمنٹ میں قانون سازی کرنا ہے ۔ ارکان اسمبلی یونین کونسل کے رکن نہیں ہیں بلکہ وہ صوبے اور مرکز کے پارلیمنٹ کے رکن ہے انہیں قانون سازی کرکے اس پر مکمل عمل درآمد کرانا چاہیے۔ منظور نظر کو فنڈز ریلیز ہوتا ہے کیا پی اینڈ ڈی اور فنانس سے کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔ جب عوام کے مسائل حل نہیں ہوں گے تو لوگوں کے لیے عدالتیں امید کی بڑی کرن بن کر ابھرتے ہیں اور وہ اپنے بنیادی مسائل کے حل کے لیے بھی عدالت میں پہنچ جاتے ہیں ۔ عدالتیں میرٹ پر مقدمات کی سماعت کرکے عوام کو ریلیف پہنچانے کے لیے کام کررہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ضلعی افسران پر ہمیں پورا اعتماد ہے کہ وہ بہتر طور پر اپنے فرائض سرانجام دیں رہے ہیں لیکن اپنے دفاتر سے باہر نکل کر عوام کے مسائل کوخود جاکر دیکھیں تو اس میں مزید بہتری آئے گئی۔