شہباز شریف واپس آرہے ہیں، خطرناک احتجاج ہو سکتا ہے، رانا ثناء

266

لاہور (نمائندہ جسارت) پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ آمدن سے زاید اثاثہ جات کی انکوائری میں نیب لاہور ہیڈ کوارٹر میں پیش ہو گئے۔ تفتیشی ٹیم نے رانا ثناء اللہ سے مختلف سوالات پوچھے اور ساتھ لائے گئے ریکارڈ کا جائزہ لیا۔ پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اپنی آمدن اور اثاثہ جات کے حوالے سے رپورٹ جمع کرا دی ہے ،مجھے بتایا گیا ہے کہ میری آسٹریلیا میں بھی 2 ارب روپے کی جائیداد ہے جس پر میں نے پیشکش کی ہے کہ اسے سامنے لائیں آدھی ، آدھی کر لیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے رویے کی وجہ سے پاکستان مسائل کا شکار ہے ،اگر یہی حالات رہے تو خطرناک احتجاج سامنے آ سکتا ہے ،اس احتجاج کا لیڈر نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کو بولنے کا حق ہے جب وہ بولیں گی سب سنیں گے ،پارٹی نے ابھی مریم کو بولنے کی اجازت نہیں دی ،وہ بولیں گی اور باہر بھی نکلیں گی۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف وطن واپس آنے والے ہیں ،سینئر سیاستدانوں ہر مشتمل ایک کمیٹی بنادی ہے جو حکومت کے اتحادیوں اور اپوزیشن کی دیگر جماعتوں سے رابطے کرے گی اور یہ سلسلہ شروع ہو گیا ہے ، پی ٹی آئی کے لوگ بھی ہمارے موقف کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ مڈم ٹرم انتخابات ہونے چاہییں،ہم بھی احتجاج کا ارادہ رکھتے ہیں لیکن ابھی پروگرام بنایا جارہا ہے ،تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ عورت مارچ کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ خواتین کو کام کرنے کی آزادی ملنی چاہیے ،ایک نعرہ تنازع بن گیا ہے، نعرے میں برائی نہیں لیکن ان الفاظ کو غلط معنی دیا جا رہاہے ،میرا جسم کی جگہ میری زندگی میری مرضی کا نعرہ ہونا چاہیے ، تمام معاشرے کو خواتین کو عزت دینا ہوگی۔