نواز شریف کراچی کے لیے بہت کچھ کرنا چاہتے تھے، شاہد خاقان عباسی

195

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف سندھ کے لیے بہت کچھ کرنا چاہتے تھے،کراچی کی اہمیت کو تسلیم کرنا پڑے گا۔ جمعہ کو(ن)لیگ سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جمعرات سے کراچی میں ہیں، گولیمار میں بلڈنگ گر نے کا پتا چلا ،جانا چاہ رہے تھے لیکن بحالی کے کام کی وجہ سے منع کیا گیا، حکومت چینی اورآٹے کی قیمتوں کا جواب دے، قیمتیں آسمان پر کیسے پہنچیں،اشیائے خورونوش آسمان سے باتیں کررہی ہیں، حکمران نالائق ہیں یا کرپٹ ہیں، عمران خان اپنی کابینہ کودیکھیں چینی ،آٹے بحران کے ذمے دار مل جائیں گے،100ارب لوٹے گئے ،عمران خان حل بتائیں۔انہوں نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ میں صوبوں کوحصہ دیا جاتا ہے،اس کے باوجود ماضی میں ہماری حکومت نے کراچی کے لیے لیاری ایکسپریس وے جیسا منصوبہ دیا،2برس میں امن قائم کیا،بجلی گھربنائے، پورٹ قاسم اورحبکو میں پلانٹ بنائے گئے، گرین لائن منصوبہ بنایا۔ اس موقع پر (ن) لیگ کے مرکزی سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا کہ موجودہ حکومت نے جتنازور اپوزیشن کے خلاف انتقامی کارروائیوںمیں لگایا ہے اگر اتنا زور مسائل حل کرنے پر دیتے تو مسائل ختم ہوجاتے۔انہوں نے کہا کہ پشاوربی آرٹی جیسے منصوبوں پر نیب خاموش ہے، نیب کارروائیاں صرف اپوزیشن کے لیے ہیں،( ن) لیگ نے اربوں روپے کی لاگت سے روڈ بنائے، کراچی کی تاریخ میں کسی وفاقی حکومت نے ماضی میں اتنے منصوبے نہیں دیے،کے فورمنصوبہ اورڈی سیلینیشن منصوبہ مکمل ہوتا تو پانی کا بحران نہیں ہوتا، کراچی گھومے ہیں شرم آتی ہے۔ علاوہ ازیںجمعہ کو سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی سر براہی میں (ن) لیگ کے وفد نے ایم کیو ایم تنظم بحالی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی۔(ن) لیگ کے وفد میں( ن) لیگ کے مرکزی جنرل سیکرٹری احسن اقبال ، مریم اورنگزیب بھی موجود تھیں۔بعدازاں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہپاکستان کی گورنس کا ماڈل ناکام ہو چکا ہے، پاکستان کو فری اینڈ فئیر الیکشن دیں اور عوام کو اپنا حق استعمال کرنے دیں ، یہ پہلا موقع ہے کہ سیاسی جماعتوں کے مابین ڈائیلاگ بند ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی ہدایت پر فاروق ستار سے ملنے آئے ہیں، کراچی ترقی نہیں کرے گا تو ملک ترقی نہیں کرے گا، ہم نے کراچی میں بہت سے منصوبے مکمل کیے،یہ سلسلہ بدقسمتی سے اب رک گیا ہے۔اس موقع پر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ لاپتا کارکنان کی بازیابی کے لیے(ن)لیگ سے تعاون کی درخواست کی ہے، بلوچستان کی طرح کراچی کے لیے بھی معافی کا اعلان ہونا چاہیے ۔احسن اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ فاروق ستار کے بزرگوں کی جماعت ہے انہیں شمولیت کے لیے کسی دعوت کی ضرورت نہیں ہے۔