پی ایس ایل فائیو: ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کا میچ بارش کی نذر ہو گیا

186

لاہور(نمائندہ خصوصی) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو کے 19 ویں میچ میں ملتان سلطانز کی کراچی کنگز کی ٹیمیں مد مقابل تھیں کہ بارش آ گئی، بارش کے باعث میچ منسوخ کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو کے اہم میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر حریف ٹیم ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے 19 ویں میچ میں ملتان سلطانز کی طرف سے اننگز کا آغاز وکٹ کیپر بیٹسمین ذیشان اشرف اور انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے معین علی نے کیا۔ملتان سلطانز کو پہلا نقصان 17 کے مجموعی اسکور پر گرا جب وکٹ کیپر بیٹسمین ذیشان اشرف 8 گیندوں پر 2 رنز بنا کر محمد عامر کا نشانہ بن گئے، کرس جورڈن نے کیچ پکڑا۔37 اسکور پر معین علی 29 رنز بنا کر عامر یامین کے ہاتھوں آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے، ایونٹ میں سنچری داغنے والے ریلی روسو پہلی ہی گیند پر اسی اوور میں فاسٹ بائولر عامر یامین کو وکٹ دے بیٹھے۔ والٹن نے کیچ تھاما۔ دیگر بیٹسمینوں میں روی بوپارہ 4، خوشدل شاہ 8 نے رنز بنائے۔شاہد آفریدی نے 17 گیندوں پر 35 رنز جبکہ سہیل تنویر 10 رنز بنائے، سلطانز نے 16.5 اوورز میں 102 رنز بنائے تھے کہ بارش شروع ہو گئی جس کے بعد انتظامیہ کی طرف سے میچ کو منسوخ کر دیا گیا۔ دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔