خواتین کو ہپناٹائز کرکے مبینہ زیادتی کا معاملہ پیسوں کی لین دین کا نکلا ،

570

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی کے علاقے سچل میں خواتین کو ہپناٹائز کرکے مبینہ زیادتی کرنے والے ملزم کا کہنا ہے کہ معاملہ پیسوں کی لین دین کا ہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سچل شمائل ویو فیز ٹو میں خواتین کو ہپناٹائز کرکے مبینہ زیادتی کا نشانہ بنانے ملزم کا کہنا ہے کہ خاتون نے پیسوں کا تقاضا کیا تھا پیسے نہ دینے پر الزام لگادیا گیا۔

ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم خالد عرف پپو نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ معاملہ ہپناٹائز کے بجائے پیسوں کی لین دین کا ہے، مدعی خاتون نے پیسوں کا مطالبہ کیا تھا نہ دینے پر الزام لگادیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے بیان میں کتنی صداقت اس کی تحقیقات جاری ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل تھانہ سچل میں خواتین کی جانب سے رپورٹ درج کرائی گئی تھی کہ ملزم خالد نے ہپناٹائز کرکے زیادتی کا نشانہ بنایا اور فرار ہوگیا۔پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کرکے ملزم کو لانڈھی میں کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کیا تھا، پولیس نے ابتدائی رپورٹ میں بتایا تھا کہ ملزم کی پانچ بہنیں ہیں اور اس نے جن خواتین کو نشانہ بنایا ان میں ایک پولیو ورکر بھی شامل تھی۔